ماسکو، 27 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تنازعہ نہیں چاہتا ہے لیکن اس کی جارحانہ سرگرمیوں کا مناسب طور پر جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی ہے ۔گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مالی سال 2020 کے لئے قومی سلامتی سفارشی قانون پر دستخط کئے تھے ۔ اس قانون میں روس کی قیادت والی نورڈا سٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبے پر پابندی لگانے کی بات کہی گئی ہے ۔مسٹر لاوروف نے کہا ’’روس مستقبل میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے امکانات کا واقعی اندازہ لگا رہا ہے ۔ روس خاص طور پر امریکہ کے داخلی سیاسی ماحول اور آئندہ صدارتی انتخابات کے پس منظر میں اس پر غور کررہا ہے ۔ امریکہ نے حال ہی میں جو منفی اقدامات کئے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ہم اپنے مفادات کی حفاظت کرتے رہیں گے اور جارحانہ رویے کا مناسب جواب دیں گے ۔ہم امریکہ کے ساتھ تنازعہ میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں‘‘۔