ماسکو ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس کے دارالحکومت ماسکو میں فیڈرل سکیورٹی سروس(ایف ایس بی) کے دفتر کے قریب فائرنگ کے ایک واقعہ میں کم از کم ایک انٹیلی جنس افسر ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔روسی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق نامعلوم بندوق بردار نے جمعرات کی شام روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس(ایف ایس بی) کے دفتر کے نزدیک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے ایف ایس بی کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں حملہ آور کو ‘مار گرایا‘ اور حکام اس کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔روس کی اعلی ترین سکیورٹی ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ایف ایس بی کا کم از کم ایک افسر مارا گیا ہے۔ روسی وزارت صحت کے مطابق اس واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔