روس میں کورونا سے متاثرہ بچے کی پیدائش

   

ماسکو۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) روس کے شمالی علاقے قفقاز میں اوسیتیا کے مقام پرکرونا میں مبتلا ایک خاتون کے ہاں اسی مہلک وائرس کے شکار بچے کی پیدائش کا منفرد واقعہ پیش آیا۔روسی محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ روس میں اپنی نوعیت کا پہلا اور پوری دنیا میں دوسرا منفرد واقعہ ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں کرونا کا شکار ہونے والی ایک حاملہ خاتون کودواخانہ منتقل کیا گیا تھا جہاں اس نے بچے کو جنم دیا ہے۔ نوزائیدہ بچہ بھی کورونا کا شکار ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ دونوں ماں بیٹے کو گھر منتقل کردیا گیا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔خیال رہے کہ رواں سال اپریل کے وسط میں پیرو میں کورونا کا شکار ایک نوزائیدہ بچے کی پیدائش کا واقعہ پیش آیا تھا۔ روس میں پیش آنے والا واقعہ نوزائیدہ بچے کے کورونا کا شکار ہونے کا دوسرا واقعہ ہے۔شمالی اوسیتیا کے شہر بیسلان میں کورونا کا شکار ہونے والی 35 میں سے 17 خواتین حاملہ ہیں۔واضح رہے کہ روس، امریکہ کے بعد کرونا کا شکار ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ روس میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار 752 افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں جب کہ 2631 اموات ہو چکی ہیں۔