روس چین پر ایک بوجھ بن چکا ہے: پنٹگان

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع پنٹگان کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق یوکرین پر روس کے حملوں کے بعد ماسکو بیجنگ کے لیے ایک بوجھ بن چکا ہے۔ پنٹگان میں دفاعی پالیسی کے انڈر سیکریٹری کولن کاہل نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جو یوکرین میں کیا ہے، اس کے بعد وہ چین کے لیے کسی اسٹریٹیجک بوجھ سے کم نہیں۔ روس اور چین نے پچھلے مہینے ہی مغربی ممالک کے خلاف مزید تعاون کا عہد کرتے ہوئے یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر ’لامحدود‘ شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ کاہل نے کہا کہ یوکرین پر حملے کے نتیجے میں روس عسکری، معاشی اور جغرافیائی طور پر کمزور ہو کر پہلے سے بھی زیادہ الگ تھلگ ہو جائے گا۔ کولن کاہل کے مطابق اب اس بات کا امکان بھی زیادہ ہے کہ روس یوکرین میں غیر گائیڈڈ بموں اور توپ خانے کے استعمال میں اضافہ کر سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس درست طور پر ہدف بنانے والے گائیڈڈ میزائل ختم ہو رہے ہیں۔