روس کے ہائپرسونک نیوکلیئرمیزائل پر تجربات

   

ماسکو : روسی وزارت دفاع نے کہا ہیکہ روس کی جوہری افواج ماسکو کے شمال مشرق میں واقع صوبہ اوانوو میں ہائپر سونک زرکون میزائل کے تجربات کررہی ہیں۔ساتھ ہی، روس کے دفاع سے منسلک ایک اعلیٰ اہلکار کے حوالے سے روس کی انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ روس نے اپنے ہائپر سونک زرکون کروز میزائل کے تجربات ” مکمل کرلیے ہیں” اور یہ کہ اس سال کے اواخر تک روس انہیں اپنی ناردرن فلیٹ کے ایک نئے فرگیٹ میں نصب کردے گا۔رائٹرز کی اس رپورٹ میں مزید تفصیل نہیں دی گئی۔رائٹرز ہی کی خبر کے مطابق مشرقی یوکرین سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ روسی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری جاری ہے۔ادھر یوکرین کے جنرل اسٹاف نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روسی افواج نے سائروڈونیٹسک شہر کے شمال، جنوب اور مشرقی اضلاع پر گولہ باری جاری رکھی ہوئی ہے، جہاں گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے۔اگر روس اس شہر پر قبضہ کرلیتا ہے اور سائروڈونیٹسک نہر کے مغربی کنارے اور لائیشنسک کے چھوٹے شہر پر قابض ہوجاتا ہے تو درحقیقت وہ لہانسک پر قبضہ جما لے گا۔ ڈونباس کے دو صوبوں کو ماسکو علیحدگی پسندوں کا علاقہ قرار دیتا ہے، اوربتایا جاتا ہے کہ یہی صدر ولادیمیر پوٹن کی لڑائی کا اصل مقصد معلوم ہوتا ہے-