رونالڈو سال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر

   

ریاض ۔ عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو نے رواں سال ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ کرسٹیانو رونالڈو سعودی سوپر لیگ میں گزشتہ روز2 بارگول کرنے کے بعد 53 گول کے ساتھ سال 2023ء کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ سعودی فٹبال فرنچائز النصر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پرتگالی فٹبالر کی اس کامیابی کے بارے میں ان کے مداحوں کا آگاہ کیا۔ ٹیم کی جانب سے پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو آج اتحاد کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے53 ویں گول تک پہنچنے کے بعد سال 2023ء میں دنیا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں اور اْنہوں نے کلیان ایمباپے اور ہیری کین کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے اب تک 52 گول کیے تھے۔واضح رہے کہ سعودی سوپر لیگ میں النصر کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو نے پنالٹی ککس پر 2 گول کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔