رونالڈ کا گول ، پرتگال کامیاب ، اسپین نے ڈنمارک کو شکست دی

   

بارسلونا ۔ کرسٹیانو رونالڈو نے نیشنز لیگ فٹ بال ٹورنمنٹ میں پرتگال کی پولینڈ کے خلاف 3-1 سے کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے اپنا ریکارڈ 133 واں بین الاقوامی گول تک پہنچا دی جبکہ اسپین نے ایک اور میچ میں ڈنمارک کو 1-0 سے شکست دی۔ رونالڈو نے37 ویں منٹ میں گول کیا جب رافیل لیو کا شاٹ پوسٹ پر لگا۔ اس سے قبل برنارڈو سلوا نے پرتگال کے لیے پہلا گول 26 ویں منٹ میں کیا تھا۔ رونالڈو اس سال کے شروع میں یورپی چمپیئن شپ میں پرتگال کے لیے پانچ میچوں میں ایک بھی گول نہ کر سکے لیکن وہ نیشنز لیگ میں اب تک کھیلے گئے تینوں میچوں میں گول کرنے میں کامیاب رہے۔ ان میں کروشیا کے خلاف ایک گول بھی شامل تھا جو ان کے کیریئر کا 900 واں گول رہا۔ پولینڈ کا واحد گول مڈفیلڈر پیوٹر زیلنسکی نے 78ویں منٹ میں کیا لیکن دفاعی کھلاڑی جان بیڈنریک نے کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل خود ہی گول کر کے پرتگال کی بڑی فتح کو یقینی بنایا۔ پرتگال تین میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے ون میں سرفہرست ہے۔ کروشیا کے چھ پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس نے زگریب میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 2-1 سے شکست دی۔اسپین نے نیشنز لیگ کے ایک اور میچ میں ڈنمارک کو 1-0 سے شکست دی جس کے 79 ویں منٹ میں مارٹن زوبیمنڈی نے گول کیا۔ یہ جیت دفاعی چمپئن اسپین کو تین میچوں کے بعد گروپ اے 4 میں سات پوائنٹس پر لے آئی ہے۔ ڈنمارک چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سربیا کے چار پوائنٹس ہیں اور اس نے ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ کو 2-0 سے شکست دی۔لیگ سی میں کوسوو نے لتھوانیا کو 2-1 سے شکست دی جبکہ رومانیہ نے قبرص کو 3-0 سے شکست دی۔