گال : سری لنکا کے خلاف انگلش کپتان جیوروٹ کے مظاہروں پر اظہارخیال کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کماراسنگاکارا نے کہا کہ مہمان کپتان نے دو ٹسٹ مقابلوں میں جس طرح کی بیٹنگ کی ہے وہ ہر کسی کو سیکھنے کا ایک بہترین تجربہ ہے۔ روٹ جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے کے بعد اس شاندار مظاہرہ کے تسلسل کو دوسرے ٹسٹ میں بھی جاری رکھا اور 186 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سنگاکارا نے ان مظاہروں پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح روٹ نے خود کو اسپین بولنگ اور یہاں کی وکٹوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا وہ ناقابل یقین ہے۔ اس وکٹ پر جہاں دیگر بیٹسمینوں کو رنز بنانے میں دشواری ہورہی تھی، وہیں روٹ نے ایک بہترین منصوبہ بندی کے تحت رنز کے انبار لگائے۔ سوئپ اور ریورس سوئپ کے ذریعہ انہوں نے ایسی تکنیک اختیار کی جس سے نہ صرف اسٹرائیک بدلنے میں آسانی ہوئی بلکہ رنز بھی تیزی سے بنے۔ سنگاکارا سے جب یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے روٹ کی بیٹنگ کا مشاہدہ کرتے ہوئے کیا سیکھا ہے تو اس پر میزبان ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ آپ بھی رنز اسکور کرسکتے ہیں لیکن جس طرح روٹ نے وکٹ اور اسپنرس کے خلاف حکمت عملی اختیار کی اور اسے روبہ عمل لایا وہ انتہائی شاندار رہا اور ہر کسی کیلئے سیکھنے کا ایک بہترین موقع رہا۔ روٹ کے ساتھی بیٹسمین جوس بٹلر جنہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 55 رنز اسکور کرتے ہوئے 97 رنز کی پارٹنر شپ بھی نبھائی، انہوں نے بھی روٹ کی بیٹنگ کو ماسٹر کلاس قرار دیا۔ بٹلر نے روٹ کی بیٹنگ کو اسپین کے خلاف ماسٹر کلاس بیٹنگ قرار دیا اور کہا کہ ڈبل سنچری کے بعد دوسرے ٹسٹ میں بھی جس طرح کا انہوں نے ذہنی اور جسمانی مظاہرہ کیا ہے وہ یقیناً ایک غیرمعمولی مظاہرہ رہا ہے۔ بٹلر نے مزید کہا کہ پوری سیریز کے دوران روٹ کی بیٹنگ کا مشاہدہ کرنا یقیناً بہت کچھ سیکھنے کا موقع رہا۔ یاد رہے روٹ نے سری لنکا کے خلاف دونوں ٹسٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی 2-0 کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کرنے کے علاوہ مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ انگلش ٹیم سری لنکا کو 2 ٹسٹ مقابلوں میں کلین سوئپ کرنے کے بعد اب ہندوستان کا رخ کررہی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کرے گی جس کے ابتدائی دو مقابلے چینائی میں کھیلے جائیں گے اور پہلا ٹسٹ 5 فروری کو شروع ہوگا۔