روپ کی رانی کیساتھ اداکاری کی ملکہ تھی سری دیوی

   

ممبئی : ہندی سینما کی پہلی لیڈی سوپراسٹار سری دیوی نے اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دل موہ لیے ۔سری دیوی کا اصل نام سری یمّا ینگر تھا۔ ان کی پیدائش 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوائی تھی۔سری دیوی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز محض چار برس کی عمرمیں تامل فلم سے کیا تھا۔ سال 1976 تک انہوں نے جنوبی ہند کی کئی فلموں میں بچوں کے کردار ادا کئے ۔ بطور اداکارہ ان کی پہلی تامل فلم مندرو مودیچی تھی۔ہندی فلموں میں ان کے کیریئر کی پہلی فلم ‘سولہواں ساون’ سال 1979 میں ریلیز ہوئی تھی۔ لیکن یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔ 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم نگینہ ان کے فلمی کیریئر کی بڑی ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے ۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ناگن کا رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان پر عکس بند کیا گیا نغمہ ‘میں تیری دشمن، دشمن تو میرا’ کافی مقبول ہوا تھا۔اس نغمے میں اپنے بہترین رقص سے انہوں نے ناظرین کو کافی محظوظ کیا۔ 1987 کی ان کی فلم مسٹر انڈیا نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ یہ فلم بچے بڑوں سبھی نے کافی مقبول ہوئی۔