روہت شرما آج سڈنی ٹسٹ میں ٹیم سے باہر ، بمراہ کپتان

   

سڈنی ۔ بارڈر۔گواسکر ٹرافی اب اپنے آخری مقابلے میں ہے۔ سیریزکا آخری میچ جمعہ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت 1-2 سے پیچھے ہے۔ ٹرافی کو برقرار رکھنے کے لیے اب یہ میچ کسی بھی قیمت پر جیتنا ہوگا۔ اس کے لیے ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف مضبوط پلیئنگ الیون میدان میں اترنا چاہے گی، جس کی تصویر تقریباً واضح ہے۔ روہت شرما پانچویں ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ روہت کے باہر ہونے سے شبمن گل کی واپسی کی پوری امید ہے۔ پرسدھ کرشنا کو پہلی بار آسٹریلیا میں ٹسٹ میچ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم 4 بڑی تبدیلیاں کرسکتی ہے۔ میچ سے ایک روز قبل یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ خراب فارم سے پریشان روہت شرما نے خودکو میچ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ جانکاری چیف سلیکٹر اجیت اگر اور ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو دی ہے۔ ان کی جگہ شبمن گل کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ انہیں نمبر3 پرکھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد ٹیم میں ایک اور تبدیلی ضروری مانی جارہی ہے۔ کے ایل راہول کو دوبارہ اننگز کے آغاز کا موقع ملے گا اور وہ اوپننگ کرتے دیکھے جا سکتے ہیں ۔پلیئنگ الیون میں تیسری اہم تبدیلی بولنگ میں کی جا سکتی ہے۔ میلبورن ٹسٹ میں کھیلنے والے فاسٹ بولر آکاش دیپ کمرکی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ اس لیے اب پرسدھ کرشنا کو آخری میچ میں موقع دینے کی خبر سامنے آئی ہے۔ یادرہیکہ وہ جنوبی افریقہ میں 2 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں لیکن وہ پہلی بارآسٹریلیا میں کھیلنے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے لیے یہ کینگرو ٹیم کی سرزمین پر ان کا ٹسٹ ڈیبیو ہوگا۔سڈنی ٹسٹ کی چوتھی بڑی تبدیلی کپتانی کے حوالے سے ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم انڈیا کے مستقل کپتان روہت شرما کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کمان پرتھ ٹسٹ کے فاتح جسپریت بمراہ کو سونپی جائے گی۔ یعنی فائنل میچ میں وہ ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کرتے نظر آسکتے ہیں۔دوسری جانب میزبان ٹیم آسٹریلیا نے بھی سڈنی میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔ کپتان پیٹ کمنز نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سیریزکے آخری ٹسٹ کے لیے ایک تبدیلی کی اور مچل مارش کو خارج کردیا۔ انہوں نے مارش کی جگہ آل راؤنڈر بیو ویبسٹرکو موقع دیا ہے۔ ویبسٹر ہندوستان کے خلاف اس مقابلے میں ٹسٹ ڈیبیو کریں گے۔امید کی جارہی ہے کہ وہ سڈنی ٹسٹ کو موقع سمجھ کر اپنے کرئیر کو ایک نئی سمت دیں گے ۔
ٹیم انڈیا کی پلیئنگ الیون:کے ایل راہول، یشسوی جیسوال، شبمن گل، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، رویندرا جدیجا، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، پرسدھ کرشنا، محمد سراج۔
آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون:سیم کانسٹینس، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشگن، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، الیکس کیری (وکٹ)، نیتھن لیون، پیٹ کمنز (سی)، مچل اسٹارک، سکاٹ بولانڈ۔