ملبورن : اجنکیا رہانے کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد وہ 7 جنوری کو سڈنی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں بلند حوصلوں کے ساتھ شرکت کرے گی۔ تیسرے ٹسٹ سے قبل ہندوستانی ٹیم کے خیمہ میں سینئر اور تجربہ کار بیٹسمین روہت شرما کی واپسی کے امکانات بھی روشن ہوچکے ہیں جیسا کہ آج بی سی سی آئی نے ٹوئیٹر پر روہت شرما کی پریکٹس کی چند تصاویر شائع کی ہے جس میں وہ ملبورن کرکٹ گراونڈ میں کیچس کی مشق کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ روہت شرما 10 نومبر کے بعد سے کوئی مسابقتی مقابلہ نہیں کھیلا ہے حالانکہ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آئی پی ایل 2020ء میں انہوں نے اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کو خطاب جتوایا ہے۔ آئی پی ایل کے بعد انہیں آسٹریلیا کیلئے ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ امارات سے وطن واپس آ گئے تھے۔ بعدازاں 11 ڈسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈیمی بنگلور میں انہوں نے اپنا فٹنس ٹسٹ کامیاب کیا اور آسٹریلیا روانہ ہوئے۔ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد روہت شرما کو 14 دنوں کے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد اب نیٹ میں پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ یاد رہے روہت شرما کو 2019ء میں ٹسٹ میں بحیثیت اوپنر آزمایا گیا۔ 5 اکٹوبر 2019ء کو جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے کے کامیاب ترین اوپنر روہت شرما نے ٹسٹ میں پہلی مرتبہ بحیثیت اوپنر اننگ کا آغاز کیا اور اس مقابلہ میں دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرتے ہوئے انہوں نے ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ علاوہ ازیں اس ٹسٹ سیریز کے دوران انہوں نے ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹسمین شمرون ہٹ مائر کے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔ روہت شرما کی واپسی خود بیٹسمین کیلئے آسان نہیں ہوگی کیونکہ انہیں اگر بحیثیت اوپنر ٹیم میں شامل کیا گیا تو مائینک اگروال کو جگہ خالی کرنی ہوگی جبکہ مڈل آرڈر میں کھلانے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ہنوماوہاری کو باہر کا راستہ دکھایا جاسکتا ہے اور ان دونوں کھلاڑیوں پر بہتر مظاہرے نہ کرنے کی وجہ سے اخراج کی تلوار لٹک رہی ہے جس کا روہت شرما پر بھی دباؤ ہوگا۔ مائینک اگروال کو ابتدائی دونوں ٹسٹ مقابلوں میں موقع دیا گیا تاہم وہ چاروں اننگز میں ناکام رہے اور اگر ان کے مقام پر روہت شرما کو بحیثیت اوپنر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو گذشتہ ٹسٹ مقابلوں کے شاندار مظاہروں کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کا بھی روہت شرما پر دباؤ ہوگا۔ گذشتہ مقابلوں میں روہت شرما کی سنچریاں اس لئے بھی آسان تھی کیونکہ وہ ہندوستان کی سرزمین پر جنوبی افریقی بولروں کا سامنا کررہے تھے جبکہ اس مرتبہ انہیں آسٹریلیا کی اچھال لیتی وکٹوں پر میزبان بولروں خاص کر مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنس کا سامنا کرنا ہوگا جو اس وقت بہترین فام میں ہیں۔