روہت شرما کی سبکدوشی کی سوشل میڈیا پر گونج

   

برسبین :بارڈر گواسکر ٹرافی کا تیسرا میچ برسبین کے مقام گابا میں کھیلا جا رہا ہے جس میں ایک بار پھر ہندوستانی کپتان روہت شرما ناکام ہوگئے۔ روہت شرما مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے میں ایک بار پھر ناکام رہے اور سستے میں اپنی وکٹ دے کر چلے گئے۔ تاہم اس کے بعد سامنے آنے والی ایک تصویر نے مداحوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس تصویر کے بعد روہت کی سبکدوشی پر بحثیں تیز ہوگئی ہیں۔گابا ٹسٹ میں ہندوستان کی پہلی اننگز کے دوران روہت شرما نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا۔ انہوں نے 27 گیندوں میں صرف 10 رنز بنائے اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنزکی گیند پر وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پویلین کی طرف جاتے ہوئے انہوں نے اپنے بیٹنگ دستانے اتار دے اور بعد میں اسے ڈگ آؤٹ میں پھینک دیے۔ ان کے دونوں دستانے ڈگ آؤٹ میں اشتہاری بورڈ کے پیچھے پڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس وجہ سے شائقین قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ روہت اب ٹسٹ کرکٹ سے بھی سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ مداحوں کا ماننا ہے کہ روہت نے اپنے ٹسٹ کیریئر کے خاتمے کا اشارہ دیا ہے۔ روہت کی اس تصویرکو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا، روہت شرما نے اپنے دستانے ڈگ آؤٹ کے سامنے چھوڑ دیے۔ وہ بہت مایوس ہے۔ کیا یہ سبکدوشی کی علامت ہے؟’ ایک اور صارف نے لکھا، ‘روہت شرما نے اپنے دستانے ڈگ آؤٹ کے سامنے چھوڑ دیے۔ سبکدوشیکے اشارے؟’