روہت کی بہتر واپسی ہوگی :ہربھجن

   

نئی دہلی۔ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نیہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹسٹ کے لیے ٹیم انڈیا کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اورکپتان روہت شرماکو نمبر6 پر برقرار رکھنے کا مشورہ دیا، حالانکہ ایڈیلیڈ ٹسٹ میں اس مقام پر ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی۔ روہت جو پرتھ میں پہلا ٹسٹ نہیں کھیل سکے تھے، ایڈیلیڈ میں نمبر6 پر بیٹنگ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں صرف 9 رنز بنا سکے۔ تاہم ہربھجن نے اسٹار اسپورٹس پرکہا کہ ٹیم مینجمنٹ انہیں اوپر کے نمبر پر نہیں بھیجے گی، جبکہ کے ایل راہول اور یشسوی جیسوال کو اوپننگ جاری رکھنی چاہیے۔ بولنگ میں تبدیلی کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ہربھجن نے واشنگٹن سندر کو روی چندرن اشون کی جگہ شامل کرنے کی حمایت کی۔ سندر نے پرتھ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی اور وہ اشون کے مقابلے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبے میں ہرشیت رانا کی جگہ پرسِدھ کرشنا کو لانے کا مشورہ دیتے ہوئے ہربھجن نے کہاپرسِدھ اپنے قداور اچھال کی صلاحیت کے باعث برسبین کی پچ پر کارگر ہو سکتے ہیں۔تیسرا ٹسٹ 14 دسمبر کو برسبین میں شروع ہوگا۔