بمبو کے مکانات میں شمسی توانائی
کاکس بازار (بنگلہ دیش) ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی ایک امدادی ایجنسی نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں کسمپرسی کی زندگی جینے والے پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کیلئے ایک پورا گاؤں آباد کیا ہے جسے امیر سلطان سے موسوم کیا گیا ہے جو بمبو سے بنائے گئے 414 مکانات، پانی کے دو کنوؤں اور دو مساجد، ایک کمیونٹی ہال اور کچرے کے ایک بڑے پلانٹ پر مشتمل ہے تاکہ وہاں جمع ہونے والے کچرے کی بروقت نکاسی ہوسکے۔ ترکی کی ہیومانیٹرین ریلیف فاؤنڈیشن کے نمائندہ حلیل عصا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسلم بھائی بہنوں کو اب ان کے مکانوں میں بجلی کی سہولت بھی ہوگی کیونکہ ہم نے ہر مکان میں شمسی پیانلس نصب کر رکھے ہیں۔ روہنگیا مسلم ترکی کو اپنا نجات دہندہ تصور کرتے ہیں۔ ترکی کی کوئی بھی امدادی ایجنسی جب ترکی کا پرچم لئے وہاں پہنچتی ہے تو روہنگیا مسلمان خوش ہوجاتے ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں کو اس وقت دنیا کی مظلوم ترین قوم تصور کیا جاتا ہے جن پر ان کے ہی ملک میانمار میں بودھ راہبوں اور خود حکومت کی فوج نے ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے اور انہیں ہلاک بھی کیا۔ خواتین کی عصمت ریزی کی گئی جس کے بعد روہنگیاؤں کے پاس پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہونے کے سوائے کوئی اور متبادل نہیں تھا۔