جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں پوسٹرس کا رسم اجراء
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے رویندرا بھارتی میں منعقد ہونے والے ایک ماہ کے تھیٹر ورکشاپ سے متعلق اردو پوسٹر کی رسم اجراء انجام دی ۔ یہ ورکشاپ محکمہ زبان و ثقافت حکومت تلنگانہ اور گلوبل انٹرٹنمنٹ اینڈ میڈیا سرویسیز کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے ۔ 27 اور 28 مئی کو رویندرا بھارتی حیدرآباد کے کانفرنس ہال میں آڈیشن ہوگا ۔ مسٹر اڈلا ستیش کمار اور صفی قادری نے بتایا کہ اس ورکشاپ میں اسٹیج اور فلمی اداکاری ، رقص وغیرہ کی مفت تربیت دی جائے گی اور ایک ماہ کی ٹریننگ کے اختتام پر میرٹ سرٹیفیکٹس جاری کئے جائیں گے ۔ پوسٹر کی اجرائی کے موقع پر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے کہا کہ یہ ورکشاپ ان لوگوں کے لیے کار آمد ہوگا جو رائٹر ، ڈائرکٹر ، اداکار ، اینکرپرسن ، نیوز پرزینٹر بننے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے خاص طور پر اڈلا ستیش کی ستائش کی اور کہا کہ روزنامہ سیاست اور سیاست ٹی وی کی یہی کوشش ہے کہ ہمارے نوجوان ہر شعبہ میں کامیاب رہیں ۔ واضح رہے کہ 5 سال سے لے کر 50 سال عمر کے بچوں ، نوجوانوں اور مرد و خواتین داخلہ لے سکتے ہیں ۔ پوسٹر کی اجرائی کے موقع پر زاہد فاروقی ، محمد ریاض احمد اور شاہنواز بیگ بھی موجود تھے ۔۔