رکن اسمبلی خانہ پور کی صدر نشین وقف بورڈ سے ملاقات

   


وقف جائیدادوں کے تحفظ و آئمہ و موذنین کے اعزازیہ کیلئے نمائندگی
حیدرآباد 13 ستمبر(سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے رکن اسمبلی خانہ پورمسز اجمیرا ریکھا نے ملاقات کرکے انہیں عادل آباد بالخصوص حلقہ اسمبلی خانہ پور کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ ان کے حلقہ کی مساجد کے آئمہ ومؤذنین کو حکومت سے مشاہرہ کی اجرائی کیلئے نمائندگی کی اورکہا کہ حکومت سے آئمہ و مؤذنین کو مشاہرہ و اعزازیہ میں ان کے حلقہ کی مساجد کے ذمہ داروں سے غفلت کے سبب کئی درخواستیں زیر التواء ہیں جن کی یکسوئی کی جانی ہے۔مسز اجمیرا ریکھا نے صدرنشین سے خواہش کی کہ وہ ان کے حلقہ کی مساجد کے آئمہ ومؤذنین کے اعزازیہ کی منظوری کیلئے عاجلانہ اقدامات کو یقینی بنائیں جس پرجناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ وقف بورڈ سے اعزازیہ کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور جیسے ہی فہرست میں نئے آئمہ و مؤذنین کو شامل کرنے کے اقدامات کو منظوری ملے گی ترجیحی بنیادوں پر اضلاع کی درخواستوں کو شامل کیا جائیگا ۔ اجمیرا ریکھا نے اپیل کی کہ ان کے حلقہ کی اوقافی اراضیات کی ترقی پر بھی توجہ دی جائے کیونکہ ان کے حلقہ میں کئی مرکزی مقامات پر اوقافی اراضیات ہیں جن کی ترقی سے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے رکن اسمبلی کی نمائندگی میں شامل تمام امور پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔م