حیدرآباد ۔22 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی نے ایک پرنسپل کا گریباں پکڑ کر سر عام گالی گلوج کی ہے ۔ یہ واقعہ ضلع جوگو لامبا گدوال میں پیش آیا ۔ بی سی ویلفر گروکل اسکول کا افتتاح ضلع پریشد صدرنشین سرینا نے مقامی رکن اسمبلی کی آمد سے قبل کردیا جس پر رکن اسمبلی نے مجمع کے سامنے اسکول کے پرنسپل کی توہین کردی ۔ اس واقعہ پر ضلع کے مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے رکن اسمبلی کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی اور مسئلہ حکومت تک پہنچ گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بھی رکن اسمبلی سے ناراضگی کا اظہار کیا جس کے بعد رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی نے اپنے رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے انجانے میں غلطی ہوگئی ہے۔