دہلی میں پارٹی ارکان پارلیمنٹ نے کیک کاٹا
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے آج اسکولی بچوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منائی اور گرین انڈیا چیلنج پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ سنتوش کمار ہر سال اپنی سالگرہ اسکولی بچوں کے ساتھ مناتے ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے معذورین کے اسکول میں اپنی سالگرہ منائی تھی اس مرتبہ بھی وہ بیگم پیٹ میں واقع معذورین کے اسکول پہنچے اور ان کے ساتھ کیک کاٹا۔ انہوں نے اسکولی بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ بعد میں اوپل میں واقع ایچ ایم ڈی اے لے آؤٹ پر رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی کے ہمراہ شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اوپل اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی سبھاش ریڈی نے سنتوش کمار کی سالگرہ تقریب منعقد کی تھی۔ مقامی پارٹی قائدین کے علاوہ طلبہ نے اس تقریب میں شرکت کی۔ نئی دہلی میں ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے سنتوش کمار کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا۔ ڈاکٹر کیشو راؤ، کے آر سریش ریڈی، ناما ناگیشور راؤ، کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے کیک کاٹا اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے سالگرہ کے موقع پر سنتوش کمار کو مبارکباد پیش کی۔ کئی ریاستی وزراء اور پارٹی قائدین صبح سے سنتوش کمار کی قیامگاہ پہنچ گئے اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ سنتوش کمار نے کہا کہ وہ گرین انڈیا چیلنج کے تحت شجرکاری مہم کو توسیع دینا چاہتے ہیں اور شجرکاری سے انہیں حقیقی معنوں میں خوشی نصیب ہوگی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کے ساتھ بچپن کی ایک نادر تصویر سنتوش کمار نے ٹوئٹر پر اَپ لوڈ کیا۔ ر