رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کا انسانی ہمدردی کا مظاہرہ

   

یتیم خانے میں فاقہ کشی کی خبر، چار ماہ کا اناج اور ضروری اشیاء کی فراہمی
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے کنٹونمنٹ میں واقع یتم خانے کے بچوں کے لئے اناج کا انتظام کیا ۔ کل بعض ٹی وی چیانلس میں خبر دکھائی تھی کہ کنٹونمنٹ میں واقع یتیم خانے کے طلبہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ضروری اشیاء کی فراہمی مشکل ہوچکی ہے ۔ یتیم بچوں کی ابتر حالت اور انتظامیہ کی بے بسی کے بارے میں خبر کی اشاعت کے فوری بعد رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے چار ماہ تک کے لئے کارآمد اناج اور ضروری اشیاء کا انتظام کیا ۔ آج صبح چاول ، اناج اور دیگر اشیاء یتیم خانے کو منتقل کی گئیں۔ سنتوش کمار نے انتظامیہ کو 25,000 روپئے کا عطیہ دیا تاکہ دیگر ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکے۔ یتیم خانہ کے انتظامیہ نے سنتوش کمار کے انسانی ہمدردی کے اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ رکن راجیہ سبھا یتیم خانوں اور معذوروں کے اداروں کی ہمیشہ مدد کرتے رہے ہیں۔ سنتوش کمار نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران یتیم خانے کے بچوں کی ابتر حالت کی رپورٹ سے وہ مغموم ہوگئے۔ انہوں نے اپنے ذاتی خرچ سے چار مہینے کے راشن کا انتظام کرایا ۔ ٹی آر ایس کے مقامی لیڈر ایم کرشنک نے رکن راجیہ سبھا سے اظہار تشکر کیا ۔ اسی دوران نارتھ امریکہ تلگو اسوسی ایشن نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ اسوسی ایشن کے صدر راگھو ریڈی ، نائب صدر امرناتھ ، سکریٹری رامی ریڈی اور خازن نارائن ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان نے 10 لاکھ روپئے کا چیک رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کے حوالے کیا۔ اس موقع پر نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار موجود تھے۔