سری نگر، 25 مئی (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ کی پارٹی کی ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے واک آئوٹ کرنے کی خبریں جھوٹ اور من گھڑت ہیں۔انہوں نے کہا کہ آغا روح اللہ کسی گھریلو ایمرجنسی کی وجہ سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ سے اجازت لینے کے بعد میٹنگ سے نکل گئے ۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘آغا روح اللہ صاحب کا ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے واک آئوٹ کرنے کی خبریں جھوٹ اور من گھڑت ہیں، میں خود میٹنگ میں موجود تھا اور ایک اچھے ماحول میں بات ہوئی’۔ان کا کہنا تھا: ‘آغا صاحب میٹنگ میں بیٹھے رہے ان کا کوئی رشتہ دار بیمار تھا، فاروق صاحب اور عمر صاحب سے اجازت کے بعد وہ نکل گئے ‘۔