رکن پارلیمنٹ کڑپہ کی ضمانت قبل از گرفتاری پر آج ہائیکورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد۔25۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کے وکیشن بنچ نے جسٹس ایم لکشمن کی قیادت میں درخواست کی سماعت کی ۔ جسٹس لکشمن نے فریقین سے مباحث کیلئے وقت مقرر کرنے پر استفسار کیا جس کے بعد درخواست کی سماعت کل جمعہ کو کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ اویناش ریڈی کو ہائی کورٹ کے سنگل جج نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے روزانہ تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ ویویکانند ریڈی کی دختر سنیتا ریڈی نے ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جس پر سپریم کورٹ نے سنگل جج کے احکامات کو کالعدم کرتے ہوئے دوبارہ سماعت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے 27 اور 28 اپریل کو سماعت کے بعد آئندہ تاریخ 5 جون مقرر کی۔ سی بی آئی کی جانب سے اویناش ریڈی کو نوٹس کی اجرائی کے باوجود وہ تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے وکیشن بنچ کو 25 مئی کو اویناش ریڈی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے مطابق جسٹس این لکشمن نے آج سماعت کی ۔ تاہم مزید سماعت کل بھی جاری رہے گی۔ ر