رگھورام راجن کانگریس پارٹی کے اگلے منموہن سنگھ بننے کوشاں ؟

,

   

راجستھان میں راہول کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں شرکت ، مختلف اقتصادی و دیگر مسائل پر تبادلہ خیال، بی جے پی کی تنقید

سوائی مادھوپور : سابق گورنر ریزرو بینک آف انڈیا اور ماہر معاشیات این رگھورام راجن آج راجستھان میں راہول گاندھی زیر قیادت کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے اور سیاسی حلقوں میں دلچسپی کا موضوع بن گئے ۔ ڈاکٹر راجن نے مودی حکومت کے ابتدائی برسوں میں ہمیشہ مرکزی حکومت کو کھٹکتے رہے اور ان کی میعاد میں توسیع نہیں کی گئی۔ ڈاکٹر راجن نے ہمیشہ غیر دانشمندانہ اقتصادی و سیاسی فیصلوں کو نشانہ بنایا ہے۔ وہ گورنر آر بی آئی کی حیثیت سے سبکدوشی کے بعد امریکہ منتقل ہوگئے اور وہاں انہوں نے پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیئے ۔ آج بھارت جوڑو یاترا میں راہول کے ساتھ انہوں نے حصہ لیا جس پر بالخصوص مخالف کانگریس سیاسی حلقوں کی طرف سے فوری ردعمل سامنے آیا۔بی جے پی کے ترجمان امیت مالویا نے ٹوئیٹ کیا کہ راجن کانگریس کے مقررہ شخص ہیں جو شائد اگلے منموہن سنگھ بننا چاہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ آر بی آئی گورنر رہے تھے۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کی معیشت کے بارے میں راجن کی رائے کو ماہرین نے مسترد کیا ہے۔ وہ موقع پرست شخص نظر آرہے ہیں۔ دوسری طرف بعض مبصرین نے بھی راجن کو کانگریس پارٹی کے اگلے منموہن سنگھ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس کیلئے حالات ماضی کی طرح نظر آرہے ہیں جہاں ان کے پاس پرکشش غیر گاندھی لیڈر نہیں ہیں۔ چنانچہ جس طرح منموہن سنگھ کو غیر متنازعہ لیڈر کے طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدہ تک پہنچایا گیا تھا، کانگریس آنے والے برسوں میں اگر موقع ملے تو اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کرسکتی ہے۔ کانگریس کے لیڈر راہول کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا راجستھان میں دسویں دن آج صبح سوائی مادھوپور ضلع کے بھاڑوتی سے شروع ہوئی۔ چہارشنبہ کو بھی وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، کئی وزراء اور ایم ایل اے اور پارٹی عہدیدار راہول گاندھی کے ساتھ یاترا میں چل رہے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا میں مختلف طبقات اور علاقوں کے لوگ شامل ہو رہے ہیں اور آج ریزرو بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر این رگھورام راجن بھی اس یاترا میں شامل ہوئے ۔ اس دوران ڈاکٹر راجن، راہول گاندھی کے ساتھ چلے اور دونوں نے اقتصادی مسائل وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر راجن کا یاترا میں شرکت کرنا محض اتفاق یا غیر اہم اقدام نہیں کہا جاسکتا ہے۔ یاترا میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوئی اور اس کے لیے لوگوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ۔ لالسوٹ کے بگڑی گاؤں چوک پہنچے گی جہاں راہول گاندھی نکڑ سبھا کریں گے ۔ اس کے بعد یاترا لالسوٹ کے نزدیک بیلونا کلاں میں رات کا آرام کرے گی۔