نئی دہلی۔11 فروری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ایم ایس کے پرساد نے کہا ہے کہ اس سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے رشبھ پنت، وجے شنکر اور اجنکیا رہانے سمیت تینوں کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے اور ورلڈ کپ کے لئے منتخب کی جانے والی ٹیم کے لئے یہ تمام کھلاڑی دوڑ میں شامل ہیں۔چیف سلیکٹر نے ایک انٹرویو میں کہا، بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی ہے جس کے پیش نظر ہندوستانی سلیکٹر ہر کھلاڑی پر نظر رکھ رہے ہیں اور حتمی تاریخ سے پہلے ہی15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔پرساد نے کہا، اگر پنت ایک جارحانہ بیٹسمین ہیں تو وجے شنکر کو بطور آل راؤنڈر بھی دیکھا جا رہا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں وجے نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے اور ورلڈ کپ کے لئے اپنی دعویداری کو مضبوط کیا ہے ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کہا، بلاشبہ پنت ورلڈ کپ کے لئے منتخب کی جانے والی ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔کرکٹ کے سبھی فارمیٹس میں گزشتہ ایک سال کے دوران رشبھ کی کارکردگی شاندار رہی ہے ۔ ہمارا خیال ہے کہ پنت میں تھوڑی اور پختگی کی ضرورت ہے اور اس کے علاوہ انہیں تجربہ بھی حاصل کرنا ہوگا۔اسی وجہ سے پنت کو ہندوستان اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے اگرچہ ابھی تک صرف تین ونڈے میچ ہی کھیلے ہیں اور وہ بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف لیکن ٹسٹ کرکٹ میں اور گزشتہ سال ہندوستان اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے بہترین کارکردگی کی وجہ سے سلیکٹروں کی توجہ اپنی طرف مبذول کی ہے ۔ پنت کو پہلے محفوظ وکٹ کیپر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا لیکن دنیش کارتک نے گزشتہ ایک سال کے دوران خود کو لوورآرڈر میں ثابت کیا ہے ۔ سلیکٹر ابھی پنت کو ٹیم میں ایک ماہر بیٹسمین کے طور پر شامل کرنے پر غورکر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پنت نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے آخری میچ میں سنچری بناکر سب کو متاثر کیا تھا۔ اس کے علاوہ پنت نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ چیف سلیکٹر نے ٹسٹ اوپنر لوکیش راہول کے سلسلے میں کہا، راہول اب بھی ورلڈ کپ کے لئے منتخب کی جانے والی ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں، لیکن انہیں رنز بنا کر خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے میں ونڈے کے علاوہ تمام فارمیٹس میں راہول نے اپنی کی کارکردگی سے کافی مایوس کیا تھا اور اس سیزن کے دوران انہوں نے انگلینڈ کے دورے میں صرف تین ونڈے میچ کھیلے ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز میں وجے نے اپنی آل راونڈ کارکردگی سے کافی متاثر کیا ہے ۔ مستقل کپتان وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں وجے کو تیسرے نمبر کی ذمہ داری دی تھی ۔ تامل ناڈو کے آل راؤنڈر نے کہا کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا موقع ملنے پر وہ کافی حیران ہو گئے تھے ۔وجے نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں کھیلے گئے آخری ٹوئنٹی20 میچ میں زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رن بنائے تھے ۔ پرساد نے وجے شنکر کو ٹیم میں شامل کئے جانے کے امکان پر کہا، وجے چوتھے آل راؤنڈر کے طور پر ان20 کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں جن میں سے 15 کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لئے سلیکٹر ہندوستانی ٹیم میں شامل کریں گے ۔ وجے کو جب بھی موقع ملا انہوں نے خود کو ثابت کیا ہے جس سے انکی دعویدار مضبوط ہوئی ہے ۔اجنکیا رہانے کو ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کئے جانے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا،گھریلو کرکٹ میں رہانے کی کارکردگی شاندار رہی ہے جس کے پیش نظر رہانے کی ورلڈ کپ ٹیم کے لئے دعویداری کافی مضبوط ہے ۔خیال رہے کہ رہانے نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد سے کوئی ونڈے میچ نہیں کھیلا ہے ، لیکن گھریلو کرکٹ میں انہوں نے ہندوستان اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنی11 اننگز میں 74.62 کی اوسط سے597 رنز بنائے ہیں جس میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچری بھی شامل ہیں۔