رہانے کی شاندارکارکردگی کے بعدبھی کوہلی کی قیاد ت کو خطرہ نہیں

   

نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی بی سی سی آئی اس ضمن میں کوئی منصوبہ بنا رہی ہے، لیکن شائقین کے درمیان ہندوستانی ٹیم کی قیادت کو منقسم کرنے کے متعلق سخت الفاظ میں خبریں گردش کررہی ہیں۔ اجنکیا رہانے جن کے پرسکون مزاج اور بہتر حکمت عملی والی قیادت کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا میں ٹسٹ کرکٹ کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ جس کے بعد قیادت میں تبدیلی کا موضوع زیربحث ہے۔ ویراٹ کوہلی جنہوں نے آسٹریلیا میں جس وقت ہندوستانی ٹیم کو چھوڑا تھا، اس وقت ٹیم ڈے نائٹ ٹسٹ میں اپنی ٹسٹ تاریخ کے اقل ترین اسکور 36 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جو اس کے لئے ایک شرمناک شکست ہوگئی تھی، جس کے بعد 19 ڈسمبر سے 19 جنوری کے درمیان رہانے کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جو تاریخ رقم کی ہے، وہ برسوں یاد رکھی جائے گی۔ حالانکہ اس کے اہم اور سینئر کھلاڑی زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔ برسبین میں کامیابی کے بعد میڈیا نمائندوں کی جانب سے رہانے سے سوال کیا گیا کہ اب جبکہ ہندوستانی ٹیم گھریلو سیریز میں انگلینڈ کی میزبانی کرے گی، جہاں ویراٹ کوہلی کی واپسی ہورہی ہے، تو رہانے کیسا محسوس کرتے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں سوچنا نہیں چاہتا کیونکہ اس وقت جو کامیابی ہمیں حاصل ہوئی ہے، ہمیں اسی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ انگلینڈ سیریز کے متعلق جب میں وطن واپس آؤں گا تب اس کے متعلق سوچوں گا۔