رہزنوں کی 2 رکنی ٹولی گرفتار‘ زیورات ضبط

   

حیدرآباد 15 جون (سیاست نیوز) ٹاسک فورس نے رہزنوں کی 2 رکنی ٹولی کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات ضبط کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر ٹاسک فورس کی سنٹرل زون ٹیم نے 21 سالہ شکتی میور اور اُس کے ساتھی 23 سالہ کالا وکاس کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ رہزن کا تعلق بشیر باغ اور پرانا پُل سے ہے اور دونوں بُری عادتوں کا شکار ہیں۔ پولیس نے کہاکہ وہ خانگی اداروں میں نوکری کرکے زندگی گزار رہے تھے لیکن بُری عادتوں کے لئے اُنھیں آمدنی کافی نہیں ہورہی تھی جس کے نتیجہ میں اُنھوں نے شہر میں رہزنی کی وارداتیں انجام دینے لگے۔ 7 جون کو مشیرآباد کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کالونی میں علاقہ کا معائنہ کیا اور بعدازاں راہ چلتی خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے اُس کے گلے سے 3 تولے کی طلائی چین کا سرقہ کرلیا۔ معمر خاتون کے گلے سے طلائی چین اُڑانے کے بعد وہ فرار ہوگیا لیکن ٹاسک فورس پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اُن کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ رہزنی میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل اور مسروقہ طلائی چین بھی برآمد کرلی۔