رہزنی کی واردات میں ملوث رہزن اندرون 2 گھنٹے گرفتار

   

شکایت گذار لڑکی کی سراہنا ، پولیس کی حکمت عملی کے بہترین نتائج
حیدرآباد /9 اگست ( سیاست نیوز ) رہزنی اور سرقہ کی وارداتوں کے خلاف رچہ کنڈہ پولیس کی حکمت عملی کے بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ آج پولیس نے ایک رہزنی کی واردات کو اندرون 2 گھنٹے حل کرتے ہوئے دو رہزنوں کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران 2 گھنٹے میں رہزنوں کو گرفتار کرنے والے پولیس ملازمین کی ستائش کی اور ساتھ ہی شکایت گذار لڑکی کی دور اندیشی کی سراہنا کی ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ واقعہ کے فوری بعد شکایت کو اولین ترجیح دیں ۔جیسا کہ اس 21 سالہ سنینا آنند نے کہا پولیس نے دو رہزنوں 31 سالہ شرتھ جانسن ساکن آدرش نگر کالونی ناگول اور 32 سالہ سی وجئے سائی ساکن جنگاؤں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک طلائی چین ہونڈا ایکٹوا اور 4 سیل فون ضبط کرئے جس میںسنینا آنند کا موبائل فون بھی شامل ہے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ لڑکی ڈی مارٹ میں بحیثیت سیلز ایگزیکیٹیو خدمات کو انجام دیتی ہے ۔ جو ججس کالونی منصورآباد کی ساکن ہے ۔ یہ لڑکی اپنے مکان واپس ہو رہی تھی کہ ترکاری مارکٹ کے قریب اس لڑکی کا موبائل فون اور طلائی چین چھین لی گئی ۔ لڑکی نے فوری دور اندیشی کا اقدام کرتے ہوئے 5 منٹ کے وقفہ سے ڈائیل 100 پر شکایت کردی اور اس کے بعد تمام کمشنریٹ میں ٹیموں کو چوکس کردیا گیا ۔ ایس او ٹی ایل بی نگر نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ان رہزنوں کو گرفتار کرلیا ۔ ع