حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ انکم ٹیکس کی تقریباً 30 خصوصی ٹیموں نے چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں شہر میں بیک وقت مختلف مقامات پر رئیل اسٹیٹ کمپنیوں اور تاجرین کے مکانات اور دفاتر پر دھاوے کئے۔ انکم ٹیکس کا عملہ سی آر پی ایف کمانڈوز کے ساتھ شہر کے مشہور رئیل اسٹیٹ کوہ نور ڈیولپرس اور اس کے ساتھی کمپنیوں کے دفاتر اور ڈائرکٹرس کے مکانات پر دھاؤں کا سلسلہ شروع کیا۔ کنگس کالونی، شاستری پورم میں ماجد خان اور عیدی بازار میں احمد قادری کے مکانات پر بھی دھاوے کئے گئے۔ انکم ٹیکس عہدیداروں نے علاقہ عطا پور، شمس آباد، شاستری پورم، بنجارہ ہلز اور مادھا پور علاقوں میں واقع رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے دفاتر کی تلاشی لی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس عہدیداروں کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شہر کے رئیل اسٹیٹ تاجرین انکم ٹیکس کی چوری کررہے ہیں اور غلط حساب داخل کررہے ہیں۔ یہ بھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ کوہ نور ڈیولپرس سے وابستہ تمام وینچرس میں گاہکوں کو پلاٹس فروخت کرنے کے بعد بینک اکاؤنٹس کے بجائے زیادہ تر نقد رقم حاصل کی جارہی ہے۔ انکم ٹیکس ذرائع نے بتایا کہ کوہ نور انفرا پراجکٹ کے ذریعہ جاری وینچرس VNR ایرو سٹی بالا پور، گولڈ اسٹون کوہ نور بنڈلہ گوڑہ، کوہ نور کنگس شادی خانہ ریتی باؤلی، آر آر گروپ کے علاوہ دیگر دفاتر پر بھی دھاوے کئے گئے۔ آر بی آئی کی جانب سے 2 ہزار روپئے کے نوٹ کے چلن کو بند کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر انکم ٹیکس کے دھاوے اہمیت کے حامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس عہدیدار مذکورہ رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کی بعض سیاسی قائدین سے قربت کے زاویہ سے بھی تحقیقات کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ وجئے واڑہ میں بھی دھاوے کئے گئے جن میں فارما کمپنیوں اور ڈاکٹرس کے مکانات کی بھی بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین کے مکانات و دفاتر سے اراضی کے دستاویزات، نقد رقم، بینک کھاتوں کی تفصیلات اور دیگر اشیاء بھی ضبط کئے جانے کی اطلاع ہے۔ب