ریاستوں کے اختیارات پر مرکز کا بے شرمی سے قبضہ

,

   

پارلیمنٹ کا وقار بحال ہونا ضروری ، سائیکلون کو قومی آفت قرار دیا جائے ،اپوزیشن کا اجلاس
نئی دہلی ۔ /22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن نے آج مرکز پر ریاستوں کے اختیارات پر بے شرمی سے قبضہ کرلینے کا الزام عائد کیا اور مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کے کام کاج اور اس میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کے سسٹم کو فوری اثر کے ساتھ بحال کیا جائے۔ 22 اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین نے کانگریس کی جانب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ طلب کردہ میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام یکطرفہ پالیسی فیصلے فوری واپس لئے جائیں ، جن میں خاص طور پر لیبر قوانین میں کی گئی تبدیلیاں ہیں ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے کہا کہ مغربی بنگال اور اڈیشہ سائیکلون امفان سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں بالخصوص بنگال میں طوفان نے بڑی تباہی مچائی ہے ۔ اپوزیشن نے مرکز سے اس طوفان کو فوری آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا تاکہ متاثرہ ریاستوں کو درکار راحت فوری حاصل ہوسکے ۔ میٹنگ کے شرکاء میں کانگریس قائدین ، راہول گاندھی ، اے کے انٹونی ، احمد پٹیل ، غلام نبی آزاد ، ادھیر رنجن چودھری ، ملک ارجن کھرگے شامل ہیں ۔ دیگر علاقائی پارٹیوں کے قائدین جیسے شرد یادو ، عمر عبداللہ ، تیجسوی یادو ، جیتن رام مانجھی ، اوپیندر کشواہا ، بدر الدین اجمل ، جینت چودھری اور راجو شیٹی نے بھی حصہ لیا ۔ اپوزیشن قائدین نے کووڈ۔ 19 وباء سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا اور مرکزی حکومت کو 11نکاتی فہرست مطالبات پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اس وباء کے دوران بروقت ، موثر طور پر اور حساس انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوا ہے ۔ اپوزیشن پارٹیوں بشمول ٹی ایم سی ، جے ڈی ایس اور سی پی آئی ایم نے کہا کہ معیشت بکھرچکی ہے اور سماج کے تمام طبقات میں ایک دوسرے سے تناؤ ہے جبکہ معاش کی سرگرمی بدترین دور سے گزررہی ہے ۔