ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے مرکز کو ایک سال کا وقت کافی ہے : عمر عبداللہ

   

سری نگر: چیف منسٹرعمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے پاس ایک سال کا وقت کافی ہے ۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سنٹر میں منعقدہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے دفعہ 370 پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے حکومت ہند کو ریاست کا درجہ جلد بحال کرنے کی ہدایت دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک سال بیت گیا ہے جو جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے لئے حکومت ہند کے لئے کافی وقت ہے ۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اکتوبر 2024 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر حصہ لیا اور جس کی حکومت ہند کی طرف سے کافی پذیرائی ہوئی لہذا اس کے بدلے میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی امید ہے کہ انہیں انتخابات میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کا صلہ ملے گا۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بہت جلد بحال کیا جائے گا۔ لوگوں کے جذبات اور امنگوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
اور ہم اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔