ریاستی سکریٹریٹ کی منتقلی کے عمل میں تیزی

   

چیف منسٹر کے اظہار برہمی کے بعد تمام محکمہ جات سے فائلس اور فرنیچر کا اگست کے اختتام تک تخلیہ
حیدرآباد۔16اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی سیکریٹریٹ کی منتقلی کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جایہ ماہ کے اواخر تک سیکریٹریٹ میں موجود تمام دفاتر کو منتقل کردیا جائے گا ۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ سیکریٹریٹ کی موجودہ عمارتوں کو مکمل طور پر منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ نئی عصری عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے خلاف بعض گوشوں کی جانب سے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے موجودہ عمارتوں کو منہدم کیا جانا اور اس کی جگہ نئی عمارتوں کی تعمیر کو ریاست کے خزانہ کو ضائع کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے لیکن حکومت کی استدلال ہے کہ ریاستی حکومت عصری سہولتوں سے آراستہ نئی عمارتوں کی تعمیر کے ذریعہ معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حق میں ہے اسی لئے تمام عمارتو ںکو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ نئی عمارتو ںکی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام محکمہ جات کے عہدیدارو ں کو اس بات کی ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ انہیں مختص کئے گئے مقامات پر اپنے دفاتر کی منتقلی کا عمل شروع کردیں اور جلد از جلد سیکریٹریٹ کی عمارت کا تخلیہ یقینی بنائیں تاکہ عمارتو ںکے تخلیہ کے فوری بعد انہدامی کاروائی کا آغاز کیا جاسکے۔محکمہ انڈومنٹ‘ محکمہ ٹورازم‘ محکمہ امکنہ‘کے علاوہ چیف سیکریٹری کے دفترکی منتقلی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران محکمہ داخلہ اور بہبود کے علاوہ افزائش مویشیاں کی منتقلی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔

حکومت کی جانب سے دفاتر کی منتقلی کے احکام کے باوجود منتقلی کے عمل میں کی جانے والی سستی پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حالیہ دنوں میں شدید برہمی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد سیکریٹریٹ کی منتقلی کے عمل میں مزید تیزی پیدا کردی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے باوجود مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کی جانب سے عدالت کے فیصلہ کا انتظار کرنے کو ترجیح دینے کا موقف اختیار کیا گیا تھا تاکہ اگر عدالت کی جانب سے حکومت کو سیکریٹریٹ کی عمارتوں کو منہدم کرنے باز رکھے جانے کی صورت میں دوبارہ دفاتر کو واپس سیکریٹریٹ منتقل کرنے کی ضرورت نہ پڑے لیکن چیف منسٹر کی جانب سے برہمی کے اظہار کے بعد تمام محکمہ جات کی جانب سے دفتری فائیلس اور فرنیچر کی منتقلی کا عمل شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ 25اگسٹ سے قبل تمام محکمہ جات کی منتقلی کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے سکریٹریٹ کی مکمل عمارت محکمہ عمارات و شوارع کے حوالہ کردی جائے گی اور اگر اس دوران عدالت کوئی فیصلہ صادر کرتی ہے تو اس کے مطابق مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔