ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی اپنا علاج سرکاری دواخانوں میں کروائیں

   

رکن اسمبلی جگا ریڈی کا مطالبہ، عوام کوسرکاری دواخانوں پر بھروسہ نہیں
حیدرآباد۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور کورونا متاثرین کے علاج میں لاپرواہی کیلئے وزراء کو ذمہ دار قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ اگر وہ ریاستی وزیر ہوتے تو سرکاری ہاسپٹلس میں کیمپ کرتے ہوئے غریبوں کے علاج کی نگرانی کرتے۔ یہاں تو صورتحال بالکل مختلف ہے۔ وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندے اپنا علاج سرکاری دواخانوں کے بجائے کارپوریٹ ہاسپٹلس میں کرانے کو ترجیح دے رہے ہیں لیکن عوام کو گورنمنٹ ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وزراء اور عوامی نمائندوں کو سرکاری دواخانوں پر بھروسہ نہیں تو پھر عوام کس طرح سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر علاج کی امید کرسکتے ہیں اور ان کا اعتماد ہاسپٹلس پر کیسے بحال ہوگا۔ وزراء اور ارکان اسمبلی کو چاہیئے کہ وہ اپنا علاج گاندھی ، عثمانیہ اور دیگر سرکاری ہاسپٹلس میں کراتے ہوئے یہ ثابت کریں کہ وہاں علاج کی بہتر سہولتیں ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کے بارے میں عوام میں خوف کا ماحول ہے اور حکومت خانگی ہاسپٹلس کی لوٹ مار پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کے ایک شخص کی حال ہی میں دواخانہ کی لاپرواہی کے سبب موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے حکومت پر کورونا کے علاج اور اس کے مریضوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔