ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور ناگیشور راؤ کی سوماجی گوڑہ ڈیویژن میں عوام سے ملاقات

   

اندرون ایک ہفتہ مسائل کی یکسوئی کا تیقن، ضمنی چناؤ میں کانگریس کی تائید کی اپیل
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور ٹی ناگیشور راؤ نے آج جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے سوماجی گوڑہ ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں دونوں وزراء نے جئے پرکاش کالونی، انجینئرس کالونی اور دیگر علاقوں کے رائے دہندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جوبلی ہلز کو ترقی یافتہ اسمبلی حلقہ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے علاقہ میں سڑک، ڈرینیج اور آبرسانی سے متعلق مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ جلد ہی ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس منظور کرتے ہوئے کاموں کا آغاز ہوگا۔ پونم پربھاکر نے متعلقہ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے سوماجی گوڑہ ڈیویژن کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ پونم پربھاکر نے گروپ میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ اہمیت کا حامل ہے۔ حیدرآباد کے برانڈ امیج کو بچانے کے لئے حلقہ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ ڈیویژن کے تمام مسائل کی یکسوئی کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں کروڑہا روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوماجی گوڑہ ڈیویژن میں ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنانے 40 لاکھ روپے منظور کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 1923 میں نظام دور حکومت میں حمایت ساگر اور عثمان ساگر ذخائر آب کی تعمیر کے ذریعہ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا سے پانی کی سربراہی کے لئے تین مراحل اور گوداوری سے فیس I کے تحت پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے 630 ملین لیٹر پانی روزانہ سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کانگریس دور حکومت میں حیدرآباد کی ترقی کے کام انجام دیئے گئے۔1