ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ کی نرملا سیتا رامن سے ملاقات

   

خام پام آئیل کی درآمدی ڈیوٹی پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے آج دہلی میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارام سے ملاقات کی ۔ خام پام آئیل پر درآمدی ڈیوٹی میں کی گئی کمی پر دوبارہ نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹی ناگیشور راؤ نے نرملا سیتا رامن کو بتایا کہ 2018 میں حام پام آئیل پر درآمدی ڈیوٹی 44 فیصد تھی جس کو ماضی میں کم کر کے 27 فیصد کردیا گیا۔ حال ہی میں درآمدی ڈیوٹی کو 27 فیصد سے گھٹاکر 16.5 فیصد کردیا گیا ہے جو تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں کمی کا اثر تلنگانہ کے پام آئیل کے کسانوں پر بہت زیادہ پڑے گا۔ تلنگانہ میں پام آئیل کی کاشت کا رقبہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ 78,870 ہیکٹر پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پام آئیل کاشت کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے 56,231 کسان پام آئیل کی کاشت کر رہے ہیں ۔ اس سال مزید 50,000 ایکر اراضی پر 18,185 کسانوں نے پام آئیل کاشت کا آغاز کیا ہے ۔ ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے اپیل کی ہے کہ مرکزی حکومت کے اس تازہ فیصلہ پر دوبارہ نظرثانی کرتے ہوئے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے درآمدی ڈیوٹی کو دوبارہ 44 فیصد کردیں۔اس موقع پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سی کرن کمار ریڈی بھی موجود تھے۔ 2