ریاستی وزیر پونم پربھاکر سے رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کی ملاقات، منگوڑ اسمبلی حلقہ کے مسائل پر نمائندگی

   

حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر سے کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے ملاقات کی اور منگوڑ اسمبلی حلقہ کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے اپنے اسمبلی حلقہ کے مختلف منڈلوں کے صدور اور اہم قائدین کے ساتھ آر ٹی سی، بہبودی پسماندہ طبقات کے مسائل سے ریاستی وزیر کو واقف کرایا۔ راج گوپال ریڈی نے پونم پربھاکر کو یادداشت پیش کی جس میں منگوڑ اسمبلی حلقہ کے دور دراز کے علاقوں میں آر ٹی سی بس سرویس کے آغاز کی نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ اسمبلی حلقہ میں 21 نئے روٹس پر دیہی علاقوں میں آر ٹی سی بسوں کی ضرورت ہے۔ کئی برسوں سے مقامی عوام یہ مطالبہ کررہے ہیں۔ راج گوپال ریڈی نے نئی بس سرویسیس کے آغاز کے علاوہ ہر منڈل میں بس اسٹاپس کے اپ گریڈیشن کی درخواست کی۔ بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے پونم پربھاکر کو بتایا کہ گزشتہ حکومت نے پسماندہ طبقات کی ترقی سے متعلق امور کو نظرانداز کردیا تھا۔ پونم پربھاکر نے رکن اسمبلی کی زیر قیادت وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وہ مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ 1