فرضی عہدیدار کے معاملہ میں پوچھ تاچھ کیلئے دہلی طلبی، کریمنگر میں واقع کملاکر کے مکان کی تلاشی
حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) سی بی آئی نے ریاستی وزیر گنگولا کملاکر اور رکن راجیہ سبھا وی روی چندر کو فرضی سی بی آئی عہدیدار کے معاملہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیش کے لئے سی بی آئی کے دفتر دہلی میں حاضر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سی بی آئی کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق فرضی سی بی آئی آفیسر کی گرفتاری کے معاملہ میں دونوں تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کو دہلی طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وشاکھا پٹنم آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک دھوکہ باز کومی ریڈی سرینواس نے خود کو آئی پی ایس آفیسر اور سی بی آئی جوائنٹ ڈائریکٹر کے طور پر پیش کرتے ہوئے گرنائیٹ معاملہ میں ریاستی وزیر جی کملاکر اور رکن راجیہ سبھا وی روی چندر کو مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج اس فرضی سی بی آئی عہدیدارکو دہلی میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور تفتیش کے دوران اس فرضی عہدیدار کے تلنگانہ ریاستی وزیر اور رکن راجیہ سبھا سے تعلقات کا انکشاف ہوا ہے اسی لئے دونوں قائدین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سی بی آئی نے انہیں دہلی طلب کرلیا ہے تاکہ حقائق کا پتہ چلایا جاسکے۔سی بی آئی نے آج کریم نگر میں ریاستی وزْر جی کملاکر کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے تلاشی لی اور زائد از 4گھنٹے جاری رہنے والی اس تلاشی مہم کے دوران کیا حاصل ہوا یہ بات واضح نہیں کی گئی بلکہ کہا جا رہاہے کہ ریاستی وزیر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے بعد اب سی بی آئی کی تفتیش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کارروائی پر دونوں قائدین کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ کہا جا رہاہے کہ فرضی سی بی آئی عہدیدار سے دونوں سیاسی قائدین نے گرنائیٹ اسکام اور منی لانڈرنگ معاملہ میں مدد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جس کا فرضی عہدیدار نے انہیں تیقن دیا تھا۔م