ریاستی وزیر کیخلاف ریمارکس پر ڈپٹی کمشنر بلدیہ کا تبادلہ

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایک ڈپٹی کمشنر کا ریاستی وزیر کے خلاف ریمارکس پر تبادلہ کردیا گیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران ڈپٹی کمشنر گوشہ محل سرکل ونئے کپور نے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو اور ایک کارپوریٹر کے بارے میں نازیبا ریمارکس کئے تھے اور یہ آڈیو وائرل ہوگیا۔ آڈیو کلپ میں ڈپٹی کمشنر نے راجہ سنگھ کو بتایا کہ ٹی آر ایس کارپوریٹر گن فاؤنڈری سے ان کی بحث و تکرار ہوگئی جس پر انہوں نے وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو سے شکایت کی۔ راجہ سنگھ سے بات چیت کے دوران بلدی عہدیدار نے سوال کیا کہ بی جے پی لیڈر اسمبلی حلقہ کے ریاستی وزیر کی جانب سے بار بار دورہ پر خاموش کیوں ہے۔ بلدی عہدیدار نے ریمارک کیا کہ ریاستی وزیر بار بار گوشہ محل اسمبلی حلقہ کا دورہ کررہے ہیں اور وہ اس حلقہ کے وزیر کی طرح سرگرم ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے متاثرین میں نقدی رقم کی تقسیم کے سلسلہ میں بات چیت کی تھی۔ انہوں نے جب استفادہ کنندگان کی فہرست حوالے نہ کرنے پر سوال اٹھایا تو بلدی عہدیدار نے ٹی آر ایس قائدین کے خلاف ریمارکس کئے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر کمشنر لوکیش کمار نے ڈپٹی کمشنر کو ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی اور بی سرینواسلو کو ڈپٹی کمشنر گوشہ محل مقرر کیا۔