ریاستی کابینہ کا آج اجلاس، کورونا تحدیدات و نائیٹ کرفیو پر غور ممکن

,

   

تازہ صورتحال پر محکمہ صحت کی رپورٹ پیش، کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ متوقع
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کیسس میں بدستور اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کل 17 جنوری کو 2 بجے دن ریاستی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں کابینی اجلاس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے عائد کردہ تحدیدات میں 20 جنوری تک توسیع کی ہے۔ جی او ایم ایس (1) مورخہ یکم جنوری کے تحت عائد کردہ مختلف تحدیدات کو 10 جنوری تک نافذ کیا گیا تھا لیکن بعد میں 9 جنوری کو جی او ایم ایس نمبر 6 کے ذریعہ تحدیدات میں 20 جنوری تک توسیع کی گئی۔ تحدیدات کے تحت ریالیوں، عام جلسوں اور مذہبی، سیاسی اور سماجی بڑی تقاریب پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، دکانات، مالس، دفاتر اور تجارتی اداروںکو ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سنیٹائزیشن اور صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ جاریہ تحدیدات کے تحت ماسک کے عدم استعمال پر 1000روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تمام ضلع کلکٹرس اور کمشنرس کو قواعد پر عمل آوری کا مجاز گردانا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کل پیر کے دن کابینی اجلاس میں موجودہ تحدیدات کے علاوہ بعض نئی پابندیوں کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے کوویڈ کی صورتحال پر حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینی اجلاس میں عوام کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے نائیٹ کرفیو کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کابینی اجلاس میں کورونا سے نمٹنے کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ کابینی اجلاس میں حکومت کی فلاحی اسکیمات، زرعی شعبہ کو کھاد کی سربراہی اور محکمہ تعلیم سے متعلق بعض زیر التواء اُمور پر فیصلوں کا امکان ہے۔یونیورسٹیز کے ٹیچنگ اسٹاف کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں توسیع کے بارے میں کابینہ میں فیصلہ کا امکان ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی سفارشات کے مطابق کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کی سفارش کی ہے جسے کابینہ کی منظوری درکار ہے۔ر