26 جنوری سے ریتوبھروسہ نئے راشن کارڈس اور اندراماںآتمیہ بھروسہ اسکیم پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ ریاست میں 26 جنوری سے ریتو بھروسہ نئے راشن کارڈس اور اندراماں آتمیہ بھروسہ اسکیم پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہفتہ شام 4 بجے سے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جو تقریبا 3 گھنٹوں تک جاری رہا بعد ازاں چیف منسٹر نے خود میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کابینہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں سے واقف کرایا ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری کے علاوہ وزراء موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے ریاست کے کسانوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے زراعت کو ایک تہوار میں تبدیل کرنے کے لیے ریتو بھروسہ اسکیم پر ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ تمام زرعی اراضیات کو غیر مشروط طور پر اس اسکیم سے فائدہ پہونچاتے ہوئے ہر ایک ایکر اراضی کو سالانہ 12 ہزار روپئے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابق حکومت سالانہ 10 ہزار روپئے معاوضہ ادا کیا کرتی تھی ۔ ہماری حکومت نے بے زمین زرعی مزدور خاندانوں کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ’ اندراماں آتمیہ بھروسہ ‘ اسکیم سے اس کو متعارف کیا جارہا ہے ۔ ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے جن افراد کے پاس راشن کارڈس نہیں ہیں ۔ انہیں نئے راشن کارڈس فراہم کئے جائیں ۔ ان اسکیمات پر 26 جنوری سے عمل آوری ہوگی ۔ دستور ہند کے نفاذ کے 75 سال مکمل ہونے پر ان اسکیمات کو 26 جنوری سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غیر زرعی اراضیات ، مائننگ ، پہاڑوں ، پتھروں ، رئیل اسٹیٹ وینچرس ، سڑکوں ، رہائشی ، صنعتی ، تجارتی اراضیات ، نالوں میں تبدیل ہونے والی اراضیات ، مختلف منصوبوں کیلئے حکومت کی طرف سے حاصل کی گئی اراضیات کے لیے یہ اسکیم ہرگز لاگو نہیں ہوگی ۔ کانگریس حکومت کی آمدنی بڑھانے اور اس کو عوام میں تقسیم کرنے کے فلسفے پر کام کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں پالمور ، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو آنجہانی سابق وزیر وزیر جئے پال ریڈی کے نام سے موسوم کرنے سنگور پراجکٹ کنال کو سابق ریاستی وزیر راج نرسمہا سے موسوم کرنے کے فیصلے کو کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی ۔ ملناساگر سے دریائے گوداوری کے پانی کو حیدرآباد کے لیے پینے کے پانی کی اسکیم گوداوری ڈرنکنگ واٹر سپلائی اسکیم فیس 2 ، فیس 3 کو بھی منظوری دی گئی ہے ۔ ماضی میں 15 ٹی ایم سی کی تجویز تھی مستقبل کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے اس میں مزید 5 ٹی ایم سی کا اضافہ کرتے ہوئے 20 ٹی ایم سی کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ کتہ گوڑم کو میونسپل کارپوریشن کے طور پر اَپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔۔ 2