ریاستی کابینی اجلاس کے بعد توقعات ، مایوسی میں تبدیل

   

اساتذہ کے بشمول دیگر سرکاری ملازمین حکومت کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے مجبور

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر،( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کے گزشتہ دن شام میں منعقدہ طویل اجلاس کی حاصل ہونے والی روئیداد سے عوام بالخصوص ریاستی سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کو جو اُمید اور توقعات وابستہ تھیں اجلاس کے اختتام پر وہ تمام توقعات اور امیدیں مایوسی میں تبدیل ہوگئیں۔ جس کی وجہ سے ریاستی سرکاری ملازمین، اساتذہ یونینوں کے قائدین حکومت کی طرز کارکردگی کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور دکھائی دے رہے ہیں۔ کیونکہ ریاستی سرکاری ملازمین کا بھی ملازمین یونین قائدین پر روز بروز دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں ملازمین اور اساتذہ کے علاوہ بعض بے روزگاروں کو ملازمتوں کی فراہمی کی طمانیت دینے کیلئے چند نئی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے اور کورٹس( عدالتوں ) میں چند جائیدادوں کی منظوری کے ذریعہ تقررات عمل میں لانے کے علاوہ ریاستی محکمہ تعلیم میں لنگویج پنڈت، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کی جائیدادوں کو اَپ گریڈ کرتے ( جائیداد کے رتبہ میں اضافہ کرنے )ہوئے منظوری دی گئی۔ اس طرح ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منڈل و ضلع پریشد مدارس میں خدمات انجام دینے والے اور گورنمنٹ اسکولوں میں جملہ6413 لنگویج پنڈتوں اور 802 پی ای ٹیز کو اسکول اسسٹنٹس کا رتبہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاستی کابینہ کے زائد از تین گھنٹوں تک جاری اجلاس میں ریاستی محکمہ رورل واٹر سپلائی میں مزید پانچ چیف انجینئروں کی جائیدادوں کو منظوری، ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹن نئے قائم کئے گئے سیول جج کورٹ میں 26 مختلف جائیدادوں، کوڑنگل ، ناگرکرنول، جڑچرلہ و نارائن پیٹ ، کولا پور، محبوب نگر، ونپرتی میں نئے منظورہ ایڈیشنل جونیر سیول جج کورٹس کیلئے حیدرآباد ایل بی نگر میں نئے قائم کردہ اسپیشل سیشن جج کورٹ کیلئے اور حیدرآباد میں قائم کردہ نیا ایڈیشنل چیف جج کورٹ میں مختلف درکار جائیدادوں کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں گوداوری کھنی میں نئے قائم کئے گئے سینئر سیول جج کورٹ، پیداپلی میں نیا قائم کردہ ڈسٹرکٹ جج کورٹ، دھرما پوری میں نئے قائم مردہ جونیر سیول جج کورٹ میں نئی جائیدادوں کی منظوری دینے کے علاوہ ملکاجگیری، کوکٹ پلی میں نئے قائم کردہ سینئر سیول جج کورٹ میں نئی جائیدادوں کی منظوری دئی گئی۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاستی کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں مختلف زمرہ کی پائی جانے والی 36 جائیدادوں کو منسوخ کرکے ان جائیدادوں کے بجائے مزید مختلف زمروں کی 39 جائیدادوں کی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی ہے۔