ریاستی کا بینہ میں توسیع ، دو خواتین کے بشمول 6 نئے وزراء

,

   

ٹی ہریش راؤ کو فینانس، کے ٹی آر کو بلدی نظم و نسق، سبیتا اندرا ریڈی کو تعلیم ، جی کملا کر کو بہبودی پسماندہ طبقات
ایس راتھوڑ کو قبائیلی بہبود اور اجئے کمار کو ٹرانسپورٹ کے قلمدان، وزراء کی تعداد 18 ہوگئی

حیدرآباد۔9ستمبر(سیا ست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤکی جانب سے آج ریاست کی مکمل کابینہ کو قطعیت دیئے جا نے کے بعد کابینہ میں شامل کئے گئے 6ریاستی وزراء کو ان کے قلمدان بھی تفویض کردیئے گئے ۔حکومت تلنگانہ میں شامل کئے گئے 6نئے ریاستی وزراء کو جو قلمدان حوالہ کئے گئے ہیں ان میں مسٹر ٹی ہریش راؤ کو محکمہ فینانس کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کو حکومت کی پہلی معیاد کے دوران دیئے گئے قلمدان بلدی نظم ونسق‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعت حوالہ کئے گئے ہیں جبکہ مسز سبیتا اندرا ریڈی کو وزیر تعلیم کا قلمدان دیا گیا ہے۔مسٹر جی کملاکر کو بی سی ویلفیرکے علاوہ سیول سپلائز اور امور صارفین کا قلمدان حوالہ کیا گیا ہے۔ مسز ستیہ وتی راتھوڑ کو قبائیلی بہبود کے علاوہ بہبود برائے اطفال و خواتین کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق مسٹر پی اجئے کمار کو محکمہ ٹرانسپورٹ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کابینہ میں توسیع کے فیصلہ کے بعد اب ریاست میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ وزراء کی تعداد 18 ہوچکی ہے ۔ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ برقرار رہیں گے جبکہ مسٹر ایٹالہ راجندر کو بھی ان کا وزارت صحت کا قلمدان برقرار رکھا گیا ہے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دوسری معیاد کے لئے تلنگانہ میں حکومت سازی کے بعد یہ دوسری توسیع ہے جبکہ پہلی توسیع کے دوران 12 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دی گئی تھی اور اب مزید 6وزراء کو شامل کرتے ہوئے کابینہ کو مکمل کردیا گیا ہے۔ریاستی کابینہ میں اب دو خواتین موجود ہیں جبکہ اب تک کابینہ میں کوئی خاتون وزیر موجود نہیں تھی ۔

ریاستی کابینہ میں شامل دیگر وزراء کے قلمدان جوں کے توں برقرار ہیں جن میں مسٹر ٹی سرینواس یادو‘ مسٹر ای دیار راؤ‘ مسٹر اندرا کرن ریڈی ‘ مسٹر سرینواس گوڑ ‘ مسٹر کے ایشور‘ مسٹرمسٹر وی پرشانت ریڈی ‘ مسٹر ایس نرنجن ریڈی ‘ مسٹر سی ایچ ملا ریڈی اور مسٹر جی جگدیش ریڈی شامل ہیں۔ کابینہ کی توسیع کے فیصلہ کے بعد چیف منسٹر کی موجود گی میں گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے نئے شامل کئے گئے وزراء کوراج بھون میں حلف دلوایا اور بعد ازاں حکومت کی جانب سے ان وزراء کو تفویض کئے گئے قلمدانوں کا اعلان کیا گیا۔راج بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں کابینی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمان‘ ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر موجود تھے۔حلف برداری تقریب کے دوران سب سے پہلے مسٹر ٹی ہریش راؤ کو حلف لینے کیلئے مدعو کیا گیا جس کے ساتھ ہی شرکاء کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ نعرے لگائے گئے اور مسٹر ہریش راؤ نے مائیک پر پہنچ کر اشارے سے اپنے حامیوں کو خاموش کروایا۔بعد ازاں مسٹر کے ٹی راما راؤ کو حلف لینے کیلئے مدعو کیا گیا اور انہیں مدعو کئے جانے پر بھی حامیوں کی جانب سے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیاجارہا تھا اور انہوں نے بھی اپنے حامیوں کو اشارہ کرتے ہوئے خاموش رہنے کی تاکید کی ۔حلف برداری تقریب کی کاروائی چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے چلائی جبکہ حلف برداری تقریب میں سینیئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کابینہ میں معمولی رد و بدل کے بعد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤکے پاس جنرل اڈمنسٹریشن‘ نظم و نسق‘ محکمہ مال ‘آبپاشی کے علاوہ کانکنی کے قلمدان موجود ہیں جبکہ وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے پاس محکمہ داخلہ کے علاوہ محکمہ فائر سروس کے قلمدان موجود ہیں۔راج بھون میں حلف برداری تقریب کے بعد راج بھون کے سبزہ زار پر چیف منسٹر اور گورنر کے ساتھ کابینی وزارء کی تصویر کشی کی گئی ۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی کابینہ کے تمام وزراء سے گورنر ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کروائی اور ان کا تعارف کروایا۔