تعلیمی اداروں ، اہم مقامات ، تجارتی مراکز اور چوراہوں پر 11.30 بجے پروگرام کا اہتمام، چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے سلسلہ میں تلنگانہ میں 16 اگست کو اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار نے احکامات جاری کئے۔ 16 اگست کو 11.30 بجے دن ریاست کے تمام گرام پنچایتوں ، میونسپل وارڈ دفاتر، اہم ٹریفک جنکشن ، اہم مقامات ، اسکولوں ، کالجس ، آنگن واڑی مراکز ، مارکٹ یارڈس اور دیگر مقامات پر قومی ترانہ پڑھا جائے گا ۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق جیلوں کے دفاتر اور اہم مارکٹس میں بھی قومی ترانہ پڑھا جائے گا ۔ تمام ضلع کلکٹرس کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور کمشنر پولیس کے تعاون سے اس پروگرام کے انعقاد کی تیاری کرنی چاہئے ۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور سیول حکام کی جانب سے اہم مقامات کی پہلے سے نشاندہی کرلی جائے گی ۔ گرام پنچایتوں اور شہری بلدیات میں مصروف ترین مقامات پر قومی ترانہ پڑھا جائے گا ۔ ہر مقام کیلئے ایک نوڈل آفیسر کو مقرر کیا جائے گا ۔ پبلک ایڈریس سسٹم کا انتظام رہے گا تاکہ قومی ترانہ پڑھنے میں دور دراز کے عوام کو بھی سہولت ہو۔ چیف سکریٹری نے اس پروگرام کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اس تاریخی پروگرام میں حصہ لینا چاہئے ۔ قومی ترانہ کے موقع پر ڈسپلن کی پابندی کی جائے اور کسی بھی طرح کی حرکت اور شور و غل سے گریز کیا جائے ۔ 16 اگست کو 11.30 بجے دن ریاست کے تمام تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سرگرمیاں روک دی جائیں گی اور قومی ترانہ پڑھا جائے گا۔ نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینے کیلئے تلنگانہ حکومت نے یہ منفرد پروگرام بنایا ہے۔ ر