ریاست میں آئندہ 10 ماہ خشک سالی کے اندیشے ‘ مشکل صورتحال

,

   

غریبوں کی مدد کیلئے سنکرانتی تہوار سے نئی اسکیم شروع کرنے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا اعلان
پرجا بھون میں اجلاس ۔ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ‘ وزراء ‘اور پارٹی قائدین نے شرکت کی

حیدرآباد 23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ایل ۔ نینو کے اثرات کی وجہ سے ریاست تلنگانہ کو آئندہ 8 تا 10 ماہ مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور خشک سالی جیسی صورتحال سے نمٹنے میں عوام کو حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ برقی اور پانی کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتی جانی چاہئے اور کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے پرجا بھون میں منعقدہ ایک اجلاس میں ایل ۔ نینو کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں ڈٖپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارکا ‘ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ‘ ریاستی وزراء ‘ ارکان اسمبلی اور کونسل کے علاوہ سینئر قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ایل ۔ نینو کے اثرات سے دنیا کے 100 سے زائد ممالکت متاثر ہو رہے ہیں۔ ترقی یافتہ ریاست مہاراشٹرا میں بھی پانی کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے جہاں پانی کے استعمال میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے ایل ۔ نینو سے عوام کو درپیش ہونے والی مشکلات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت شدید موسمی حالات سے متاثر ہونے والے غریب عوام کی مدد کیلئے سنکرانتی تہوار کے موقع پر ایک نئی اسکیم کا اعلان کرے گی ۔ اس کے تحت غریب عوام کی مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو چار ماہ کیلئے ماہ میء تک نافذ رکھا جائے گا ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست کے ذخائر آب میں مکمل گنجائش سے صرف 20 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے ۔ چیف منسٹر نے کسانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صرف بارش پر منحصر فصلیں یا ترکاریاں ہی پیدا کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ذخائر آب کی سطح کے مطابق پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے پر ہی توجہ دیں ۔ انہوں نے تمام کسان تنظیموں میں خشک سالی کی صورتحال کے تعلق سے شعور بیدار کریں۔ کسانوں کی خشک فصلیں اگنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ خشک موسم کی وجہ سے ریاست میں برقی کی طلب میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریاست میں آئندہ 10 ماہ تک خشک سالی صورتحال برقرا رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برقی پیداوار کو یقینی بنانے یادادری تھرمل پلانٹ کو کوئلہ کی سپلائی باقاعدہ بنادی گئی ہے ۔ مویشیوں کو چارہ اور پینے کا پانی فراہم کرنے خصوصی مراکز قائم کرنے کی بھی انہوں نے ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو راحت پہونچانے روزگار اسکیم کے تحت مزید کام کے دن بڑھائے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ ‘ سابق وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ پر تقنید کرکے کہا کہ وہ ایل ۔ نینو کے اثرات کے تعلق سے عوام میں خوف پھیلا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے دہلی میں یکم نومبر کو ہونے والے مخالف ایس آئی ار دھرنے میں شرکت کی بھی کانگریس کارکنوں سے اپیل کی اور کہا کہ ریاست سے 15 ہزار کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس پر زور دیا کہ وہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے بھی جدوجہد کریں۔

آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر جلد چیف منسٹر مہاراشٹرا سے بات چیت
عہدیداروں کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر کے مسئلہ پر مہاراشٹرا حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیاری کریں۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے 23 اکتوبر کے بعد اس مسئلہ پر مذاکرات سے اتفاق کیا ہے۔ چیف منسٹر نے آج ریاست کے آبپاشی پراجکٹس پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ ، سریدھر بابو ، رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر کے علاوہ ڈنڈی و اچم پیٹ لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بیاریج کی تعمیر سے ایلم پلی پراجکٹ تک پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ بیاریج کی تعمیر سے مہاراشٹرا کے مواضعات کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ بیاریج کی بلندی 152 میٹر رہے گی۔ عہدیداروں نے بیاریج کی تعمیر کی صورت میں آبپاشی ضروریات کیلئے پانی کی سربراہی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سنٹرل واٹر کمیشن کی ایماء پر نئی دہلی میں دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر سے متحدہ عادل آباد ضلاع کی دو لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر مہاراشٹرا سے آبی تنا زعہ پر مثبت بات چیت کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بیاریج کی تعمیر سے قبائلی علاقوں کی معاشی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بیاریج کیلئے اراضی کے حصول کا کام جلد مکمل کریں۔ مہاراشٹرا حکومت نے 148 میٹر کی بلندی کے ساتھ بیاریج کی تعمیر سے سابق میں اتفاق کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے حکام کو تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ذخائر آب و آبپاشی پراجکٹس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ محبوب نگر اور نلگنڈہ اضلاع کو پینے کے پانی اور آبپاشی ضررورت کیلئے سربراہی آب کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کا مستقل حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔1/k