ریاست میں آکسیجن تیار کرنے والے 48 پلانٹس قائم کئے جائیں

   

کوٹھی اور گاندھی ہاسپٹل میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے میڈیکل اینڈ ہیلت محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری دواخانوںمیں آکسیجن پیدا کرنے والے 48 پلانٹس قائم کئے جائیں ۔ ان کی مدد سے جملہ 324 میٹرک ٹن آکسیجن تیار کی جاسکتی ہے جو ریاست میں کورونا مریضوں کیلئے درکار ہے ۔ اس کے علاوہ ان پلانٹس کے نتیجہ میں مستقبل میں بھی آکسیجن کی قلت سے بچا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد میں اضافی 100 میٹرک ٹن لکویڈ آکسیجن کا پلانٹ بھی نصب کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 16 میٹرک ٹن کے چھ پلانٹس ‘ 8 میٹرک ٹن پلانٹس کے 15 یونٹ اور 4 میٹرک ٹن کے 27 یونٹ حیدرآباد ایریا ہاسپٹلس میں قائم کئے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر نے آکسیجن پیدا کرنے والوں سے بھی کہا کہ وہ 11 ٹینکرس فراہم کریں جن میںہر ایک کی گنجائش 20 ٹن کی ہو ۔ یہ ٹینکرس 10 دن میں فراہم کر دئے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ دنوں میں تلنگانہ کو ایسی صورتحال درپیش نہیں آنی چاہئے اور اسے آکسیجن کی سپلائی پر دوسری ریاستوں پر انحصار نہیں کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے آج کورونا پر پرگتی بھون میں اعلی سطح کا اجلاس منعد کیا ۔ وزیر ٹی ہریش راو ‘ منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر نشین بی ونود کمار ‘ ایم ایل سی پی راجیشور ‘ پرنسپال سکریٹری پنچایت راج سندیپ سلطانیہ ‘ سکریٹری صحت ایس اے ایم رضوی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ ریاستی حکومت مفت علاج ‘ غذا ‘ ادویات اور دوسری سہولتیں فراہم کر رہی ہے عوام کو چاہئے کہ وہ علاج کیلئے سرکاری دواخانوں میںشریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں فی الحال 6926 بیڈس دستیاب ہیں۔ ان میں 2253 بستر آکسیجن سے مربوط ہیں جبکہ 533 آئی سی یو بیڈس ہیں۔ جنرل بیڈس کی تعداد 4140 ہے ۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری دواخانوں کے علاج کی سہولت سے استفادہ کریں۔ سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کی سپلائی ہے ‘ بستر اور ادویات دستیاب ہیں اور مفت غذا دی جا رہی ہے ۔ عوام کو خانگی دواخانوں کا رخ کرتے ہوئے بھاری رقومات خرچ کرنے سے بچنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ای این ٹی ہاسپٹل کوٹی ‘ گاندھی ہاسپٹل سکندرآباد ‘ کے علاوہ ہر ضلع میں میڈیکل کالج ہاسپٹل میں سہولیات میں اضافہ کریں تاکہ بلیک فنگس بیماری کا بھی علاج ممکن ہوسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت عوام کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے خطیر رقومات خرچ کرنے تیار ہے ۔