ریاست میں اسکولس و سنیما تھیٹرس ابھی نہیں کھلیں گے

,

   

کالجس و اعلی تعلیمی اداروں میں آن لائین تعلیم ہی پر زور ۔ صرف لیب ضروریات کیلئے کشادگی کی اجازت
ان لاک ۔ 5 کے تحت ریاستی حکومت کے احکام

حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ نے ان لاک ۔ 5 کے سلسلہ میںکچھ رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں تاہم اسکولس اور سنیما تھیٹرس کھولنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کی جانب سے اس سلسلہ میں جی او جاری کیا گیا ہے ۔ تاہم کہا گیا ہے کہ اسکولس اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹس کی کشادگی کیلئے علیحدہ احکام جاری کئے جائیں گے ۔ سرکاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ کالجس ‘ اعلی تعلیمی اداروں کیلئے آن لائین اور فاصلاتی تعلیم ہی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صرف ایسے اعلی تعلمی اداروں کو 15 اکٹوبر سے کھولنے کی اجازت رہے گی جہاں پیشہ ورانہ کورسیس اور فنی کورسیس چلائے جا رہے ہیں اور طلبا کو لیب کی ضرورت درپیش ہوتی ہے ۔ حکومت کے جی او میں کہا گیا ہے کہ سنیما تھیٹرس کی کشادگی کیلئے بھی علیحدہ احکام جاری کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ملٹی پلیکس ‘ تفریحی پارکس اور ایسے مقامات کو کھولنے کا بھی ابھی کوئی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے 30 ستمبر کو جاری کردہ رہنما خطوط کی روشنی میں آج یہ احکام جاری کئے گئے ۔ مرکزی حکومت نے ان لاک ۔ 5 میں مزید کچھ سرگرمیوں کو کنٹینمنٹ زونس کے باہر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ کنٹینمنٹ زونس کے باہر لاک ڈاون سے قبل کی تمام سرگرمیوں کو بحال کردیا گیا ہے تاہم اب بھی کچھ سرگرمیاں ایسی ہیں جنہیں بحال نہیں کیا گیا ہے ۔ کچھ سرگرمیوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت کے جی او میں بھی کہا گیا ہے کہ اسپورٹس پرسنس کو تربیت اور کوچنگ کیلئے استعمال ہونے والے سوئمنگ پولس کو 15 اکٹوبر سے کھولنے کی اجازت ہوگی اور اس کیلئے تمام کورونا قواعد پر عمل کرنا ہوگا ۔ ریاست میں بھی بزنس ٹو بزنس تقاریب وغیرہ کی بھی 15 اکٹوبر سے اجازت ہوگی ۔ اس کیلئے بھی کچھ رہنما خطوط کی پابندی کرنی ہوگی ۔ علاوہ ازیں ریاست میں بھی سماجی ‘ تعلیمی ‘ اسپورٹس ‘ تفریحی ‘ کلچرل ‘ ثقافتی اور سیاسی تقاریب و دیگر اجتماعات بھی 100 تک شرکاء کے ساتھ منعقد کئے جاسکتے ہیں اور اس کیلئے بھی صحت سے متعلق پروٹوکول پر عمل آوری کرنی ہوگی ۔ ان اجتماعات میں بھی ماسک لگانا ‘سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور تھرمل اسکاننگ و سینیٹائزر کا استعمال بھی ضروری ہوگا ۔ شادی کی تقاریب بھی 100 افراد کی شرکت کے ساتھ منعقد کی جاستکی ہیں اور جنازہ میں بھی 100 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی ۔ 65 سال سے زیادہ عمر ‘ دیگر عوارض کا شکار افراد ‘ حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو اب بھی گھروں پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ کنٹینمنٹ زونس میں لاک ڈاون پر 31 اکٹوبر تک عمل ہوگا۔