150 ایم بی بی ایس کی نشستیں دستیاب ہوں گی ، آئندہ تعلیمی سال سے داخلوں کا آغاز
حیدرآباد ۔ /24 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں عنقریب ایک اور میڈیکل کالج قائم ہونے والا ہے ۔ سہاسرا ایجوکیشن سوسائیٹی کو میڈیکل کالج قائم کرنے کی حکومت نے منظوری دی ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے احکامات جاری کئے ہیں ۔ ضلع ہنمکنڈہ کے حسن پرتی منڈل ونگاپہاڑ موضع میں پریتم ریلیف انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس ورنگل کے نام میڈیکل کالج قائم ہورہا ہے ۔ اس کالج کے ذریعہ مزید 150 ایم بی بی ایس کی نشستیں دستیاب ہوں گی ۔ آئندہ تعلیمی سال ( 2022-23 ) سے داخلوں کا آغاز ہوگا ۔ کالج سے متعلق سہاسرا ادارہ کی جانب سے گزشتہ 2 سال سے 330 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل چلایا جارہا ہے ۔ سہاسرا ادارہ کی جانب سے میڈیکل کالج قائم کرنے کیلئے داخل کی گئی درخواست کا جائزہ لینے کیلئے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ کمیٹی نے بنیادی سہولتیں اور دوسرے امور کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کو ایک رپورٹ پیش کی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے میڈیکل کالج قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اس ادارے کو ہاسپٹل اور میڈیکل کالج کی عمارتوں کی تعمیری کاموں کی بھی منظوری حاصل ہوگئی ہے ۔ ضلع ورنگل میں پہلے سے کاکتیہ میڈیکل کالج موجود ہے ۔ پریتم کے نام سے مزید ایک میڈیکل کالج قائم ہورہا ہے ۔ ریاست میں 9 گورنمنٹ اور 23 خانگی میڈیکل کالجس ہیں ان میں 5090 ایم بی بی ایس نشستیں ہیں ۔ ریاست کے میڈیکل کونسل میں فی الحال 36 ہزار ڈاکٹرس نے اپنے ناموں کا اندراج کیا ہے ۔ جن میں 7758 ڈاکٹرس گورنمنٹ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی 1518 ڈاکٹرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ حکومت نے وضاحت کی جبکہ ریاست میں 1087 افراد کیلئے ایک ڈاکٹر موجود ہے ۔ پریتم گروپ نے حکومت کی جانب سے میڈیکل کالج قائم کرنے کی منظوری دینے کا خیرمقدم کیا ۔ ن