ریاست میں بارش کے پیش نظر عہدیدار خصوصی چوکسی برتیں

   

این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف کو پہلے سے تعینات کردیں۔ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 16 اگست (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست بھر میں آئندہ تین دن تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ آج چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جن اضلاع میں بارش کا اثر زیادہ ہے ان میں ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف ٹیموں کو پہلے سے تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ جن اضلاع میں ندیاں اور نالے بہہ رہے اور ان کی سطح میں مزید اضافہ ہونے کے خطرات ہیں ان اضلاع کے کلکٹرس اور حکام فوری احتیاطی اقدامات کریں۔ نشیبی علاقوں میں مقیم عوام کو خطرات سے محفوظ رکھنے ریلیف کیمپس میں منتقل کریں۔ ساتھ ہی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً آبی ذخائر کا معائنہ کرنے کا مشورہ دیا۔ آبپاشی پراجکٹس میں پانی کی سطح خطرہ تک پہنچ جانے پر فاضل پانی کے اخراج سے قبل فیلڈ لیول ٹیم کو اس کی پیشگی اطلاع دیں۔ مکمل لبریز تالابوں اور ذخیرہ آبوں کے پاس ریت کے تھیلے پہلے سے تیار رکھیں۔ شہر، میونسپلٹی اور دیہاتوں میں صاف صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کرتے ہوئے عوام کو طبی امداد فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ محکمہ موسیات نے ریاست کے 15 اضلاع میں موسلادھار بارش کے علاوہ کہیں زیادہ اور کہیں مزید زیادہ بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ بالخصوص اضلاع نظام آباد، سنگاریڈی، میدک، وقارآباد، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑم، کھمم میں زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی۔ لہٰذا عہدیداران اضلاع پر خصوصی توجہ دیں۔ جن علاقوں کے سڑکوں، لیولیول برجس، کازوے پر پانی کے جمع ہوجانے سے آمدورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں وہاں گاڑیوں کو فوری روک کر راستہ تبدیل کردینے کا مشورہ دیا۔ پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو پہلے ہی ان علاقوں میں حصاربندی کرنے اور اس کی مکمل نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ بارش سے موسمی بیماریاں پھٹ پڑنے کے خطرات ہیں۔ لہٰذا ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس دیگر عملہ کو موجود رکھنے کے علاوہ ادویات کا اسٹاک بھی سربراہ کرنے پر زور دیا۔ کوئی بھی جانی مالی نقصان نہ ہو اس کا خاص خیال رکھنے کا حکم دیا۔2