ریاست میں بلدیات کے انتخابات میں تاخیر کا امکان

   

Ferty9 Clinic

نئے قانون کی تدوین کیلئے حکومت کا فیصلہ اصل وجہ ۔ مسودہ تیار کرنے کی ہدایت جاری

حیدرآباد۔10جون(سیاست نیوز) ریاست کی بلدیات کے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر ہوسکتی ہے! حکومت نے ریاست میں نئے بلدی قوانین روشناس کروانے کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے قوانین میں ترمیم کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے مطابق حکومت کی جانب سے نئے قانون کی تدوین کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے جائیں گے۔ ریاست کی بیشتر بلدیات کے انتخابات کی معیاد جولائی میں ختم ہونے جا رہی ہے اور معیادکے اختتام سے قبل نئی بلدیہ کی تشکیل کے عمل کو مکمل کرلیا جانا چاہئے لیکن ماہرین کا کہناہے کہ ریاست میں بیشتر بلدیات جن کی معیاد جولائی میں ختم ہونے جا رہی ہے ان کے انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے کیونکہ حکومت نے بلدی قوانین میں ترمیم کے علاوہ ہر وارڈ میں مساوی ووٹرس کی برقراری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور عہدیداروں کو نئے قانون کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ کابینہ میں مسودہ کو منظوری اور اس پر اعتراضات طلب کئے جانے کے بعد قطعی مسودہ کی اجرائی کے بعد ایوان میں منظوری عمل میں لائی جائیگی ۔ ان قوانین کی منظوری کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں بلدیات کی معیاد کے اختتام کے ساتھ ہی حکومت نے انتخابات کی حکمت عملی تیار کی گئی تھی لیکن حکومت نے نئے بلدی ‘محکمہ مال کے قوانین کی تدوین کا اسمبلی انتخابات کے دوران ہی اعلان کیا تھا جس کے سبب حکومت غور کر رہی ہے کہ ان قوانین کی منظوری کے بعد ہی انتخابات کروائے جائیں۔ بلدیات کی مدت کی تکمیل کے ساتھ ہی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے عہدیداروں کا کہناہے کہ جب نئے قوانین مدون کرنے کا عمل جاری ہے تو ایسی صورت میں انتخابات کا انعقاد درست نہیں ہوتا اسی لئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ جن بلدیات کی معیاد مکمل ہو رہی ہے ان بلدیات کے انتخابات میں تاخیر ہوگی اور ان بلدیات پر کمشنر کو متعین کیا جائے گا اور انتخابات التواء کا شکار رہیں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے متعلق محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیداروں میں بھی ناراضگی پائی جاتی ہے۔