پہلے دن ہی طلبہ میں کتب اور یونیفارم تقسیم کئے جائیں گے
حیدرآباد۔ 6 جون (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولس میں طلبہ کے داخلوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے آج سے19 جون تک بڈی باٹا پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں ٹیچرس مختلف محلوں کا دورہ کرتے ہوئے بچوں کو سرکاری اسکولس میں داخلہ دلانے کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ اسکولس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، نوٹ بکس، یونیفارم کی تقسیم اور ساتھ ہی ٹرینڈ ٹیچرس کی موجودگی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرکے والدین سے ملاقات کررہے ہیں اور بچوں کو سرکاری اسکولس میں داخلہ دلانے پر زور دے رہے ہیں۔ حکومت نے عیدالضحی کے پیش نظر مسلم ٹیچرس کو 7 جون کو بڈی باٹا پروگرام سے استثنیٰ دیا ہے۔ محکمہ تعلیم سے ریاست میں بڈی باٹا پروگرام کیلئے شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آج پہلے دن گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا گیا۔ 7 جون کو گھر گھر سروے کیا جائے گا۔ 8 تا 10 جون کو سرکاری اسکولس میں سہولتوں پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے اور ساتھ ہی جو بچے اسکولس نہیں جاتے، انہیں سرکاری اسکولس میں داخلہ دلایا جائے گا۔ 11 جون کو بڈی باٹا پروگرام کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔ 12 جون کو ’’اماں آدرش پاٹھا شالہ‘‘ کے زیراہتمام کئے گئے پروگرامس کا آغاز کیا جائے گا۔ طلبہ میں نصابی کتب اور یونیفارمس تقسیم کئے جائیں گے۔ 13 جون کو اسکولس میں طلبہ کیلئے شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ 14 جون کو ایف ایل این لیپ یوم کا انعقاد کیا جائے گا۔ 17 جون کو جامع تعلیم لڑکیوں کا دن منایا جائے گا۔ 18 جون کو یوم شجر کاری اور کلاسیس کو ڈیجیٹل کرنے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ 19 جون کو اسپورٹس کے مقابلے ہوں گے۔2