ریاست میں شیڈول کے مطابق انتخابات ہوں گے اور ٹی آر ایس کامیاب ہوگی : چیف منسٹر کے سی آر

,

   

تمام ارکان اسمبلی کو پارٹی دوبارہ ٹکٹ دے گی ، ای ڈی اور سی بی آئی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے وسط مدتی انتخابات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد کرانے اور تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں آج ٹی آر ایس پارٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات کا انعقاد کرانے پر چیف منسٹر کے سی آر نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انتخابات کی کوئی جلدی نہیں ہے ۔ انتخابات شیڈول کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ وہ پارٹی کے موجودہ ارکان اسمبلی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور کسی بھی رکن اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم نہیں کیا جائے گا ۔ دوبارہ موجودہ ارکان اسمبلی کو ہی ٹکٹ دیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابات کے لیے ابھی 10 ماہ باقی ہے ۔ پارٹی کیڈر انتخابات کے لیے تیار ہوجائے ۔ ہر رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہے ۔ ان کے مسائل پر گفتگو کریں اور انہیں حل کرنے کے لیے حکومت سے رجوع کریں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہے ۔ ریاست میں مسلسل تیسری مرتبہ ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ جنوبی ہند میں ہیٹ ٹرک حکومت تشکیل دینے کا ٹی آر ایس کو اعزاز حاصل ہوگا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ کے لیے منوگوڑ ضمنی انتخاب جیسی انتخابی مہم تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی جی توڑ محنت کریں ۔ ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات کی عوام میں بڑے پیمانے پر تشہیر کریں ۔ فلاحی اسکیمات سے استفادہ اٹھانے والے تمام استفادہ کنندگان کی ارکان اسمبلی کے پاس تفصیلات ہونی چاہئے ۔ پارٹی کارکن بھی ہمیشہ عوام سے رابطہ اور تال میل برقرار رکھیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بی جے پی کا منھ توڑ جواب دینے کے لیے پارٹی کے قائدین کو تیار رہنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوامی منتخبہ ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے بی جے پی کی سازش کو ناکام بنادیا ہے ۔ ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا ۔ سی بی آئی ۔ ای ڈی کے دھاؤں سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔۔ ن