کے سی آر آرام کررہے ہیں وہ ہمارے ٹرمپ کارڈ ہیں، اکٹوبر میں پارٹی صدر کا انتخاب ہوگا
حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ جاریہ سال اسمبلی کے ضمنی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ کے سی آر نے پہلے ہی کہا تھا پارٹی کو شکست پر آرام کریں گے اب وہ آرام کررہے ہیں، عوام کے درمیان کب پہونچنا ہے انہیں اچھی طرح معلوم ہے۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ بھون میں پارٹی کے نئے کیلنڈر کی رسم اجراء کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق وزراء محمد محمود علی، ای دیاکر راؤ، ملا ریڈی، ستیہ وتی راٹھور، رکن راجیہ سبھا سریش ریڈی، کونسل میں بی آر ایس کے قائد اپوزیشن مدھو سدن چاری کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر اسمبلی جلد از جلد فیصلہ کریں گے بصورت دیگر اس مسئلہ پر بی آر ایس سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی۔ جن ارکان اسمبلی نے بی آر ایس سے دغا بازی کی ہے ان اسمبلی حلقوں میں جاریہ سال ضمنی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر کے سرگرم سیاست میں حصہ نہ لینے مسئلہ پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابی مہم چلاتے وقت ہی عوام سے کہا تھا کہ پارٹی کو کامیاب بنانے پر وہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مزید جوش و خروش سے خدمات انجام دیں گے، پارٹی کو شکست ہوجاتی ہے تو آرام کریں گے اس لئے وہ اب آرام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم ریاست اور ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہیں عوام کے درمیان کب پہونچنا ہے اس کا پورا پورا اندازہ ہے۔ کے ٹی آر نے فارمولہ ای کار ریسنگ کیس کو کمزور مقدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کے طور پر ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں جس کا وہ قانونی طور پر مقابلہ کریں گے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہاکہ ریاست میں بہت جلد پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور اکٹوبر میں پارٹی صدر کا انتخاب ہوگا۔2